جہانگیرخان ترین نے سیکرٹری جنرل تحریک انصاف کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 دسمبر 2017

 کراچی: سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل ہونے والے جہانگیر خان ترین نے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق گزشتہ روزسپریم کورٹ کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت نا اہل ہونے والے جہانگیرخان ترین نے سیکرٹری جنرل تحریک انصاف کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اپنے استعفے میں جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ عمران خان سمیت سخت احتساب کا سامنا کیا اور دونوں سرخرو ہوئے، نا اہلی تکنیکی بنیادوں پرہوئی، اپنی سیاسی زندگی اور تحریک انصاف پر فخر ہے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان کی قیادت اور دوستی اثاثہ ہے جومرتے دم تک برقرار رہے گی، پارٹی کارکنوں کی بے پناہ محبت اور حمایت حاصل رہی جس کے لیے سب کا مشکور ہوں، عمران خان کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کو سب سے بڑی سیاسی قوت بنایا اور امید رکھتا ہوں عمران خان میرا استعفیٰ قبول کریں گے۔
اس سے قبل عمران خان کراچی کا دورہ مکمل کرکے اسلام آباد میں جہانگیرترین کی رہائش گاہ پہنچے ان سے ملاقات کی ۔ عمران خان نے جہانگیر ترین سے سپریم کورٹ کے فیصلے پرتبادلہ خیال کیا جب کہ اس موقع پر عمران خان نے ان کی دلجوئی کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ وہ بطور پارٹی جنرل سیکریٹری اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔