سانحہ بادامی باغ؛ عدالت کا 13 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم

ویب ڈیسک  جمعـء 15 مارچ 2013
پولیس نے مزید 21 افراد کو بھی حراست میں لے رکھا ہے جن کی شناخت پریڈ کے لئے 18 مارچ تک کا وقت دیا گیا ہے,فوٹو : اے ایف پی/فائل

پولیس نے مزید 21 افراد کو بھی حراست میں لے رکھا ہے جن کی شناخت پریڈ کے لئے 18 مارچ تک کا وقت دیا گیا ہے,فوٹو : اے ایف پی/فائل

لاہور: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بادامی باغ میں ملوث 13 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا جب کہ ایک ملزم کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا گیا۔

سانحہ بادامی باغ کے 14 نامزد ملزموں کو سخت سیکیورٹی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر تین میں پیش کیا  گیا، دوران سماعت پولیس نےعدالت کو بتایا کہ ویڈیو فوٹیج کی مدد سے ملزموں کی شناخت اور تفتیش مکمل کر لی گئی ہے جس پر عدالت نے 13 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے اور ایک ملزم کو رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

اس موقع پرعدالت کے باہر ملزموں کے رشتہ دار بھی بڑی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے پولیس کے خلاف مظاہرہ کیا، پولیس نے مزید 21 افراد کو بھی حراست میں لے رکھا ہے جن کی شناخت پریڈ کے لئے 18 مارچ تک کا وقت دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ  کچھ روز قبل لاہور میں مشتعل افراد نے مبینہ طور پرساون مسیح کی جانب سے  توہین رسالت کے الزام پر بادامی باغ کے علاقے جوزف کالونی میں واقع  مسیحی برادری کے 178 مکانات ، گرجا گھر اور دیگر املاک کو جلادیا تھا جس  کا مقدمہ بادامی باغ تھانے میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔