آسٹریلیا میں میزائل کے پرزے بیچنے والا شمالی کوریا کا ایجنٹ گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 17 دسمبر 2017
ملزم گزشتہ 30 سال سے آسٹریلیا میں رہائش پزیر ہے۔
 فوٹو:اے ایف پی

ملزم گزشتہ 30 سال سے آسٹریلیا میں رہائش پزیر ہے۔ فوٹو:اے ایف پی

سڈنی: آسٹریلوی پولیس نے کوریائی نژاد شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر شمالی کوریا کے لیے میزائل کے پرزے اور کوئلے کی  بلیک مارکیٹنگ کرنے کا الزام ہے۔

آسٹریلوی پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر نیل گاگن نے غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ سڈنی سے کوریائی نژاد آسٹریلوی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر شمالی کوریا کا ایجنٹ ہونے کا الزام ہے۔

59 سالہ ملزم چان ہان چوئی گزشتہ 30 سال سے آسٹریلیا میں رہائش پزیر ہے اور اسے آسٹریلوی شہر سڈنی کے مضافاتی علاقے ایسٹ ووڈ سے گرفتار کیا گیا۔ چان ہان چوئی پر شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل کے پرزے اور آپریٹنگ سسٹم کا سافٹ ویئر فروخت کرنے کی کوشش کا الزام عائد ہے۔ ملزم کو کل عدالت میں پیش کرکے فرد جرم عائد کی جائے گی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم غیرملکی ایجنٹ ہے اور اس کے خیال میں اس کا یہ اقدام شمالی کوریا کے مفاد میں ہے۔

نیل گاگن کا کہنا ہے کہ یہ آسٹریلیا کی تاریخ میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی فروخت کا پہلا واقعہ ہے۔ ملزم کی جانب سے لاکھوں ڈالرز کا سودا کیا گیا تھا جسے ناکام بنادیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔