تاریخ میں پہلی بار آرمی چیف آج سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دیں گے

ویب ڈیسک  اتوار 17 دسمبر 2017

 اسلام آباد: پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ آج سینیٹ کمیٹی کو خطے کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کا اہم ان کیمرہ اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کرلیا گیا، جس میں پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوگا کہ پاک فوج کے سربراہ اور ڈی جی ملٹری آپریشنز خطے کی بدلتی صورتحال پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔

اس موقع پر پارلیمنٹ کی تمام گیلریاں بند کردی گئی ہیں اور پریس لاوٴنج کو بھی تالے لگ گئے جب کہ میڈیا کے کیمرے بھی اندر لانے پر پابندی ہے۔ سینیٹ کی ہول کمیٹی کا اجلاس ٹرمپ کی پاکستان کے حوالے سے پالیسی پر بلایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان افراتفری پھیلانے والے افراد کو پناہ دیتا ہے، امریکی صدر کا الزام

ذرائع کے مطابق سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان سے پیدا ہونے والی صورتحال پر حکمت عملی طے کی جائے گی جب کہ پاک فوج کے  سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ علاقائی سلامتی کی صورتحال پر سینیٹ کمیٹی کو اعتماد میں بھی لیں گے۔ سینیٹ میں قائد ایوان کی تحریک کے نتیجے میں اگست میں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے آرمی چیف اور اعلیٰ حکام کو بلانے کی تحریک پیش کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔