کابل: 7،800 کلو گرام دھماکا خیز مواد سے لدا ٹرک پکڑ لیا گیا

اے ایف پی  جمعـء 15 مارچ 2013
 نیشنل ڈائریکٹروریٹ آف سیکیورٹی کے مطابق اس حملے کی منصوبہ بندی پاکستان میں موجود حقانی نیٹورک کی جانب سے کی گئی تھی۔ فوٹو: رائٹرز

نیشنل ڈائریکٹروریٹ آف سیکیورٹی کے مطابق اس حملے کی منصوبہ بندی پاکستان میں موجود حقانی نیٹورک کی جانب سے کی گئی تھی۔ فوٹو: رائٹرز

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل سے ایک ٹرک میں چھپایا گیا 7،800 کلو گرام کا دھماکا خیز مواد پکڑا گیا جو پورے شہر میں بڑی تباہی کا باعث بن سکتا تھا۔

افغانستان کے انٹیلجنس ادارے نیشنل ڈائریکٹروریٹ آف سیکیورٹی کے مطابق اس حملے کی منصوبہ بندی پاکستان میں موجود حقانی نیٹورک کی جانب سے کی گئی تھی، ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ اگر یہ دھمکا خیز مواد پھٹ جاتا تو اس سے ڈیڑھ کلو میٹر کا علاقہ مکمل طور پر تباہ ہوجاتا۔

نیشنل ڈائریکٹروریٹ آف سیکیورٹی کے اہلکاروں نے حملے کی پیشگی اطلاع کی بنیاد پر منگل کی رات کو کارروائی کرتے ہوئے 5 شدت پسندوں کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد ہلاک کر دیا اور ان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد سے لدا ٹرک برآمد کر لیا، کارروائی کے دوران 2 شدت پسندوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کی جانب سے امریکی اور نیٹو افواج اور افغان سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف دھماکوں اور دہشت گردی کی کارروائیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، ہفتے کے روز بھی افغانستان کے وزارت دفاع کے دفتر کے سامنے کئے گئے خودکش حملے میں 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔