کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری

ویب ڈیسک  پير 18 دسمبر 2017
تیز بارش کے نتیجے میں سینکڑوں فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر کا بڑا علاقہ بجلی سے محروم ہو گیا۔ فوٹو: فائل

تیز بارش کے نتیجے میں سینکڑوں فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر کا بڑا علاقہ بجلی سے محروم ہو گیا۔ فوٹو: فائل

 کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی اور گرد و نواح کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث شہر کے مختلف علاقے جل تھل ہوگئے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ شہر قائد میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

کراچی کے علاقوں ڈیفنس اور کلفٹن میں چھوٹے چھوٹے اولے بھی گرے جب کہ اورنگی ٹاؤن، سعید آباد، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، اولڈ سٹی ایریا، کورنگی، لانڈھی، ناظم آباد، لیاری اور ملیر کے نواحی علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی ۔ بارش کا سلسلہ 4 بجے سے فجر تک جاری رہا۔ تیز بارش کے نتیجے میں سینکڑوں فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر کا بڑا علاقہ بجلی سے محروم ہو گیا۔ کئی سڑکوں کے نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے اور طلبہ و طالبات کے علاوہ کام پر جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، تیز بارش کا مزید امکان نہیں تاہم بوندا باندی ہوسکتی ہے، آج سب سے ذیادہ بارش صدر میں 12 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 14.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ شہر میں اس وقت 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوائیں چل رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔