براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں جولائی تا فروری 9.7 فیصد کمی

بزنس رپورٹر  ہفتہ 16 مارچ 2013
ہانگ کانگ 13.77 کروڑ، امریکا 13.37 کروڑ، برطانیہ 12.48 کروڑ، اٹلی 12.35 کروڑ، فلپائن9.3 کروڑ، چین 6.8 کروڑ اور آسٹریانے 2.7 کروڑ انویسٹ کیے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ہانگ کانگ 13.77 کروڑ، امریکا 13.37 کروڑ، برطانیہ 12.48 کروڑ، اٹلی 12.35 کروڑ، فلپائن9.3 کروڑ، چین 6.8 کروڑ اور آسٹریانے 2.7 کروڑ انویسٹ کیے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی: پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں63.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی کا تسلسل جاری ہے اور جولائی 2012 سے فروری 2013 کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9.7 فیصد کمی ہوئی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 25کروڑ 89 لاکھ ڈالرکے اضافے سے 66 کروڑ 81 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 40 کروڑ 92 لاکھ ڈالر رہی تھی۔

گزشتہ 8 ماہ کے دوران غیرملکی نجی سرمایہ کاری 21 کروڑ 36 لاکھ ڈالر (46.6 فیصد) بڑھ کر 67 کروڑ 19 لاکھ ڈالر رہی جس میں 16 کروڑ75 لاکھ ڈالر کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری اور 50 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری شامل ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے انفلوز 1 ارب 40 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور انخلا (آئوٹ فلوز) کی مالیت 90 کروڑ 7 لاکھ ڈالر رہی۔

اس طرح براہ راست غیرملکی نیٹ سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8ماہ میں 55 کروڑ 85 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں رواں مالی سال 50 کروڑ 44 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ 8ماہ کے دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری267 فیصد کے اضافے سے 16 کروڑ 75 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ سال کے اسی عرصے میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں سے 10کروڑ3 لاکھ ڈالر نکال لیے گئے تھے، اس کے علاوہ جولائی تافروری کے دوران فارن پبلک انویسٹمنٹ سے 37 لاکھ ڈالر نکال لیے گئے، اس طرح مجموعی بیرونی سرمایہ کاری کی مالیت 66 کروڑ 81 لاکھ ڈالر رہی۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 8ماہ کے دوران سب سے زیادہ سرمایہ کاری امریکا کی جانب سے کی گئی، امریکا کی مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 15کروڑ 82 لاکھ ڈالر اور براہ راست غیرملکی 13 کروڑ 37 لاکھ ڈالر رہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے لحاظ سے دیگر نمایاں ملکوں میں برطانیہ نے 12کروڑ 48 لاکھ ڈالر، سوئٹزرلینڈ 11کروڑ 68 لاکھ ڈالر، اٹلی 12 کروڑ 35 لاکھ ڈالر، ہانگ کانگ 13 کروڑ 77 لاکھ ڈالر، فلپائن 9 کروڑ 31 لاکھ ڈالر، چین 6 کروڑ 83 لاکھ ڈالر، آسٹریا 2 کروڑ73 لاکھ ڈالر، جنوبی کوریا 1کروڑ 11 لاکھ ڈالر اور آسٹریلیا 1 کروڑ 6 لاکھ ڈالر کے ساتھ شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔