ڈاکٹر افضل الحق این ای ڈی یونیورسٹی کے نئے وی سی مقرر

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 16 مارچ 2013
گورنر سیکریٹریٹ سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر افضل الحق کی تقرری 4سال کی مدت کے لیے کی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

گورنر سیکریٹریٹ سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر افضل الحق کی تقرری 4سال کی مدت کے لیے کی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی:  16برس سے این ای ڈی یونیورسٹی میں وائس چانسلرکے عہدے پر فائز رہنے اور این ای ڈی کومثالی جامعہ بنانے والے انجینئراے کلام اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد عہدے سے الگ ہوگئے۔

صوبے کی سرکاری جامعات کے چانسلر اور گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے نیشنل فرٹیلائزرکارپوریشن انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کے ڈائریکٹرڈاکٹرمحمد افضل الحق کواین ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کاوائس چانسلرمقررکردیا،ان کی تقرری وائس چانسلر کے امیدواروں کے انتخاب کے لیے قائم ’’تلاش کمیٹی‘‘ کی سفارش پرکی گئی ہے جس کانوٹیفکیشن جاری کردیاگیا، گورنر سیکریٹریٹ سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر افضل الحق کی تقرری 4سال کی مدت کے لیے کی گئی ہے۔

تاہم وہ مذکورہ انسٹی ٹیوٹ سے ’’ریلیوونگ آرڈر‘‘جاری ہونے کے بعد آئندہ چندروزمیں عہدے کاچارج لیں گے اوراس وقت تک انجینئراے کلام ہی عہدے پرکام کرتے رہیں گے، ڈاکٹر افضل الحق 1977میں این ای ڈی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہوئے تھے، انھوں نے مکینیکل کے شعبے میں بی ای کرنے کے بعدنیوکلیرسیفٹی کے موضوع پرپی ایچ ڈی مکمل کیا اوربعد ازاں1988سے 1994تک این ای ڈی یونیورسٹی میں تدریسی خدمات انجام دیں۔

حکومت پاکستان نے سائنس وٹیکنالوجی میں تحقیقاتی خدمات کے اعتراف میں انھیںاعزاز فضیلت سے بھی نوازا، انھوں نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ میں بطورڈین بھی کام کیا بعد ازاں وہ ملتان کے نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے منسلک ہوگئے تاہم موجودہ دورحکومت میں اس انسٹی ٹیوٹ میں وائس چانسلرکاتقرربھی کردیاگیاجس کے بعد انتظامی سطح پر ان کے معاملات متاثرہوئے جس کے بعدانھوں نے این ای ڈی یونیورسٹی میں وائس چانسلرکے عہدے کی درخواست دے دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔