ملک میں زیادہ سے زیادہ صوبے بننے چاہئیں،مہاجر رابطہ کونسل

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 16 مارچ 2013
صوبے کے نگراں وزیر اعلیٰ کیلیے جلد نام عوام کے سامنے لائیں گے،یعقوب بندھانی فوٹو : فائل

صوبے کے نگراں وزیر اعلیٰ کیلیے جلد نام عوام کے سامنے لائیں گے،یعقوب بندھانی فوٹو : فائل

کراچی:  مہاجر رابطہ کونسل پاکستان کے صدر یعقوب بندھانی نے کہا ہے کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ صوبے بننے چاہئیں اور انھوں نے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر سے اپیل کی ہے کہ وہ سندھ میں قوم پرستوں کے حالیہ بیانات اور داخلی تناؤ پر غور کرتے ہوئے قوم پرستوں کو لسانی نفرت پھیلانے کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیں۔

ہم صوبے کے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے جلد نام عوام کے سامنے لائیں گے،وہ جمعہ کو پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،اس موقع پر سیکریٹری جنرل ارشد صدیقی، سینئر نائب صدر تصدق حسین خان و دیگر بھی موجود تھے، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کو چلانے کے لیے 70 فیصد ریونیو دیتا ہے اس کے باوجود مہاجر وزیر اعلیٰ نہ مقرر کرنا امتیازی سلوک کی انتہا ہے۔

مہاجر صوبے کیلیے ان کی تحریک ختم نہیں ہوئی بلکہ اگر ظلم و ناانصافیوں کا سلسلہ جاری رہا تو مہم تیز کی جائے گی، انھوں نے کہا کہ ہم یہ کہنا اور ریکارڈ پر لانا ضروری سمجھتے ہیں کہ قوم پرست اپنی کوششوں کے باوجود لسانی فسادات کی حماقت نہیں کرسکیں گے، مہاجروں نے ہر مفاد سے بالاتر ہوکر سندھ کو اپنی دھرتی ماں کا تقدس دیا اہے، ہم اسے سیاست چمکانے والوں کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔

، قوم پرست سندھ میں مہاجر وزیر اعلیٰ کو نہ لانے کا اپنا پالیسی بیان دے کرسامنے آگئے ہیں،انھوں نے کہا کہ مہاجروں سے بھی اگلے اعلامیے تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کریں گے، ان حالات میں مہاجروں کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔

کراچی حیدرآباد اور سکھر کے باشندوں کو دہرے سسٹم کی تلوار سے ذبح کرکے انہیں ان کے حق سے محروم کیا گیا ہے اور دوسری طرف کراچی کی معاشی اٹھان اور یہاں کے ٹیکسوں سے سندھی وڈیروں کے علاقوں میں ترقیاتی کام کرائے جاتے رہے ہیں، سندھ کی تقسیم تو خود ذوالفقارعلی بھٹو نے 1973 کے اپنے دیے ہوئے آئین میں سندھ کو دو لسانی صوبہ قرار دے کر اور پورے پاکستان کے دوسرے صوبوں سے الگ کوٹہ سسٹم نافذ کرکے رکھ دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔