2017ایک سال؛ پاکستان فلم انڈسٹری میں نئی کامیابیوں کے نام

زنیرہ ضیاء  بدھ 27 دسمبر 2017
2017 ہماری انڈسٹری کے لیے خوشگوار ثابت ہواہے ؛فوٹوفائل

2017 ہماری انڈسٹری کے لیے خوشگوار ثابت ہواہے ؛فوٹوفائل

پاکستان فلم انڈسٹری گزشتہ کئی سال سے زوال کا شکار تھی لیکن 2017 ہماری انڈسٹری کےلیے خوشگوار ثابت ہوا۔ رواں سال پاکستانی سینماؤں میں نہ صرف اچھی فلمیں ریلیز ہوئیں بلکہ ان فلموں نے بہت اچھا بزنس بھی کیا۔

رواں سال پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکاروں ہمایوں سعید، مہوش حیات، دانش تیمور، ثنا جاوید، جاوید شیخ و دیگر نے نہ صرف لالی ووڈ کی بحالی کےلیے کام کیا بلکہ بہت اچھی فلمیں بھی پیش کیں۔ برسوں سے اچھی تفریح اورانٹرٹینمنٹ کےلیے ترستی ہوئی پاکستانی عوام کو بھی اس سال اچھی فلمیں دیکھنے کو ملیں جن میں مہرالنسا وی لب یو، پنجاب نہیں جاؤں گی، ورنہ، بالو ماہی، چلے تھے ساتھ، یلغار، ضرار، نامعلوم افراد 2، چین آئے نہ، اور راستہ سمیت بہت سی دوسری فلمیں شامل ہیں۔ تاہم ان میں سے صرف چند ہی فلمیں کامیابی سے ہمکنار ہوسکیں جنہوں نے پاکستان کے علاوہ بیرون ملک بھی اچھا بزنس کیا۔

پنجاب نہیں جاؤں گی

ہدایت کار ندیم بیگ اوراداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید کی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ رواں سال ریلیز ہونے والی پاکستان کی بہترین فلم قرارپائی۔ فلم میں ہمایوں سعید، مہوش حیات اورعروہ حسین نے مرکزی کردارادا کیا تھا۔ فلم کی کہانی، اسکرپٹ، مکالمے، گانوں اور اداکار ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی جوڑی نے دھوم مچادی۔ فلم نے ریلیز کے صرف 12 دنوں میں 33 کروڑ کا بزنس کرنےسب کو حیران کردیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق فلم نے دنیا بھر میں 48 کروڑ کی کمائی کی ہے۔ پاکستان کی خستہ حال سینما انڈسٹری کےلیے فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ ایک خوشگوار ہوا کا جھونکا ثابت ہوئی۔ اس فلم کی کامیابی اور پسندیدگی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ یہ اب تک کئی سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ مسلسل 100 دنوں تک کسی بھی پاکستانی فلم کا سینما کی زینت بنے رہنا ہی کسی فلم کے کامیاب ہونے کی اہم دلیل سمجھا جاتا ہے۔ ماضی میں یہ اعزاز فلم ’’آئینہ‘‘ کو حاصل تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پنجاب نہیں جاؤں گی اورنامعلوم افراد 2نے پاکستانی سینما کی تاریخ بدل دی

نامعلوم افراد2

پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ، جاوید شیخ، محسن عباس حیدر، عروہ حسین اور ہانیہ عامر جیسی بڑی کاسٹ پر مشتمل فلم ’نامعلوم افراد 2‘ دراصل 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ’نامعلوم افراد‘ کا سیکوئل تھی۔ ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کے بعد جس فلم نے پاکستانی سینما میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے، وہ ’نامعلوم افراد 2‘ ہے۔ بہترین کہانی اور جانداراداکاری کے باعث یہ فلم اس سال پاکستانی سینما میں دوسری سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم رہی۔ ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کی طرح ’نامعلوم افراد 2‘ نے بھی ریلیز کے صرف 12 دنوں میں 16 کروڑ کماکر سب کو حیران کردیا۔

مہرالنسا وی لب یو:

2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ’رانگ نمبر‘ کے خالق یاسر نواز نے 2017 میں بھی ’مہرالنسا وی لب یو‘ کے ذریعے کمال کر دکھایا۔ پاکستانی شائقین کےلیے عیدالفطر پر پیش کی جانے والی فلم میں دانش تیمور اور ثنا جاوید نے مرکزی کردار اداکیا تھا جب کہ جاوید شیخ، قوی خان اور ثاقب سمیر کی اداکاری کو بھی بے حد سراہا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ فلم 10 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔

یلغار:

عیدالفطر ہی کے موقعے پر ریلیز ہونے والی فلم ’یلغار‘ بھی شائقین کے دلوں اور باکس آفس پر اپنی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہی۔ اداکار شان، ہمایوں سعید، بلال اشرف، عدنان صدیقی، ایوب کھوسو، عائشہ عمر، ثنا بُچہ، ارمینا خان، گوہررشید، عمیر جیسوال، عظمیٰ خان اور علی رحمان جیسی بڑی کاسٹ پر مشتمل فلم کی ہدایات حسن وقاص رانا نے دی تھیں۔ اس سے قبل حسن وقاص رانا کامیاب ترین فلم ’وار‘ کی ہدایات بھی دے چکے ہیں۔ فلم نے ریلیز کے 11 دنوں میں 13 کروڑ سے زائد بزنس کیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عیدالفطر کی چھٹیوں میں پاکستانی فلموں کا ریکارڈ بزنس

ورنہ

گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’ورنہ‘ سے امید تھی کہ یہ بھی پاکستان کی ریکارڈ بزنس کرنے والی فلموں میں شامل ہوجائے گی۔ اس کی وجہ پاکستان  کے باصلاحیت ہدایت کار شعیب منصور اور دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والی خوبرو اداکارہ ماہرہ خا ن کی فلم میں موجودگی کو قرار دیا جارہا تھا۔ فلم کا موضوع زیادتی پر مبنی تھا جسے بہت بولڈ انداز میں پیش کیا گیا تھا۔ مگر اسی وجہ سے فلم کو ریلیز سے قبل سنسر بورڈ کی جانب سے پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ تاہم حکومتی مداخلت کے بعد فلم خاصی کاٹ چھانٹ کے بعد اپنی مقررہ تاریخ پر ریلیز کردی گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق  سسپنس اور ایکشن سے بھرپور فلم ’ورنہ‘ تقریباً 6 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

کچھ ناکام فلمیں

ان فلموں کے علاوہ رواں سال سید نور کی فلم چین آئے نہ، بالوماہی اور چلے تھے ساتھ وغیرہ بھی ریلیز ہوئیں لیکن یہ فلمیں باکس آفس پر قابل ذکر بزنس کرنے میں ناکام رہیں۔ پاکستان کے باصلاحیت اداکارعثمان خالدبٹ، عینی جعفری اور صدف کنول جیسی بڑی کاسٹ پر مشتمل فلم ’بالوماہی‘ کا ٹریلر اور گانے شائقین میں بے حد مقبول ہوئے تھے تاہم فلم لوگوں پر خاص تاثر جمانے میں ناکام ہوگئی۔

اسی طرح ہدایت کار سید نور کی فلم ’چین آئے نہ‘ بھی باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوگئی۔ فلم میں سارش خان، شہروز سبزواری اور بہروز سبزواری نے اہم کردار ادا کیے تھے۔

اسی طرح 2017 کی ابتداء میں پاکستانی اداکار و میزبان ساحر لودھی نے بھی اپنی فلم ’راستہ‘ کے ساتھ سینما کی زینت بننے کی کوشش کی لیکن ان کی فلم نہ صرف باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہوئی بلکہ انہیں سوشل میڈیا پر بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا؛ کیونکہ ’راستہ‘ میں ہیرو کا کردار ادا کرنے والے ساحر لودھی نے اداکاری اور مکالموں کی ادائیگی سے لے کر مناظر کی فلم بندی تک میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو ہوبہو نقل کرنے کی بھرپور کوشش کی، مگر اس میں وہ بدترین ناکام ہوئے۔ اس طرح ’راستہ‘ سال 2017 کی ناکام ترین پاکستانی فلم قرار پائی۔

زنیرہ ضیاء

زنیرہ ضیاء

بلاگر شوبز تجزیہ نگار ہیں۔ ان سے ای میل ایڈریس [email protected] پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ ٹوئٹر ہینڈل @ZunairaGhori اور انسٹاگرام آئی ڈی zunairazia_official پر بھی انہیں فالو کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔