طالبان کی کمرتوڑ دی، آنے والاپاکستان پرامن ہوگا،رحمن ملک

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  ہفتہ 16 مارچ 2013
ہماری پالیسیوں نے طالبان کومذاکرا ت پرمجبورکیا،وفاقی وزیر داخلہ کی میڈیا سے گفتگو۔  فوٹو : فائل

ہماری پالیسیوں نے طالبان کومذاکرا ت پرمجبورکیا،وفاقی وزیر داخلہ کی میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

فتح جنگ: وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک نے کہاکہ دہشت گردی ہمیں ورثے میں ملی تھی جس کو ختم کرنے میں حکومت نے جانی،مالی نقصان اٹھایا۔آج ہماری ٹھوس پالیسیوں کیوجہ سے طالبان مذاکرات پر مجبور ہوئے،طالبان کی کمرتوڑدی۔

آنیوالا پاکستان پرامن ہوگا۔ وہ جمعے کو فتح جنگ میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے موقع پر پارٹی کارکنوں اور عوام سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہاکہ ہم نے لیپ ٹاپ دے کر 2کروڑ روپے کی اشتہاری مہم نہیں چلائی، اپنی حکومت کے آخری دن قوم کو پیغام دوں گا کہ پیار ،امن ، محبت اور دوستی کے ساتھ آگے بڑھیں ۔ مجھ پر اب تک 7قاتلانہ حملے ہوئے ہیں پھر بھی مرتے دم تک دہشت گردی کے خلاف لڑتا رہوں گا۔

کراچی میں فورسز نے مثبت کارروائیاں شروع کردی ہیں اب وہاں بھی امن ہوگا۔آئی این پی کے مطابق انھوں نے کہا کہ جو اربوں روپے پنجاب حکومت نے ضائع کیے ہیں اگر تھوڑی رقم سے اسپتال بنا دیے جاتے تو اچھا ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ اگر پنجاب حکومت لشکر جھنگوی کے خلاف کارروائی کرلیتی تو کوئٹہ میں ہمارے معصوم بہن بھائی اور بچے جاں بحق نہ ہوتے۔رحمن ملک نے کہا کہ میری کتاب بہت جلد آنے والی ہے اس میں بہت سی چیزیں آپ کے سامنے آئینگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔