نظام کی تبدیلی، بلدیہ جامشورو کے15 سو ملازمین تنخواہوں سے محروم

نامہ نگار  اتوار 17 مارچ 2013
پیٹرول کی عدم دستیابی سے سرکاری گاڑیاں کھڑی کردی گئیں، ٹیلیفون منقطع، پی پی حکومت جاتے جاتے بھی ظلم ڈھا رہی ہے، ملازمین

پیٹرول کی عدم دستیابی سے سرکاری گاڑیاں کھڑی کردی گئیں، ٹیلیفون منقطع، پی پی حکومت جاتے جاتے بھی ظلم ڈھا رہی ہے، ملازمین

کوٹری:  بلدیاتی نظام کی آئے روز تبدیلی کے باعث ضلع جامشورو کے چاروں ٹی ایم ایز میں کام کرنے والے ملازمین 15 سو سے زائد ملازمین تنخواہوں سے محروم۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے ایک بار پھر لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کی تبدیلی کے باعث ضلع بھر کے چاروں تعلقوں کے15 سو سے زائد ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں۔ سیکرٹری فنانس سندھ نے3 ماہ قبل ضلع جا مشورو کے تعلقہ کوٹری مانجھند اور تھانہ بولا خان کے فنڈ بند کر رکھے ہیں جس کے باعث تمام ترقیاتی و دیگر کام پہلے ہی بند ہیں۔

ڈپٹی کمشنر جامشورو سمیت تینوں ٹی ایم ایز کے آفس کے ٹیلی فون بلوں کی ادائیگی نہ ہونے پر منقطع ہیں، جب کہ سرکاری گاڑیاں پیٹرول نہ ہونے کے باعث کھڑی ہیں۔ فنڈ کی عدم فراہمی سے شہر بھر میں صفائی کا فقدان اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں۔

سرکاری ملازمین نے بتایا کہ پی پی حکومت جاتے جاتے بھی ملازمین پر ظلم ڈھا رہی ہے، ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے، حکومت سندھ تنخواہوں کی مد میں فنڈ جاری نہیں کر رہی۔ شہریوں نے بتایا کہ صفائی نہ ہونے کے برابر ہے، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں مگر اس حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔