تاوان کیلئے اغوا کیا گیا بچہ قتل، لاش نہر میں پھینک دی

نامہ نگار  اتوار 17 مارچ 2013
10 لاکھ روپے تاوان طلب کیا، بچے کو نیم بیہوش رکھنے کیلیے زیادہ مقدار میں خواب آور گولیاں دینے کے باعث موت واقع ہوئی، ملزم

10 لاکھ روپے تاوان طلب کیا، بچے کو نیم بیہوش رکھنے کیلیے زیادہ مقدار میں خواب آور گولیاں دینے کے باعث موت واقع ہوئی، ملزم

کوٹری:  تاوان کے لیے اغوا کیے گئے بچے کو قتل کر کے لاش نہر میں پھینک دی گئی۔

ملزم نے گرفتاری کے بعد اعتراف جرم کر لیا۔ بچے کی لاش تاحال نہیں مل سکی۔ تفصیلات کے مطابق کوٹری سائٹ شادمان فیکٹری میں کام کرنے والے30 سالہ قادر نے اپنے ہی محلے لیبر کالونی کے اعجاز ڈوگر کے 4 سالہ بچے تاثیر کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اغوا کر لیا اور اس کے والدین سے موبائل فون پر رابطہ کر کے10 لاکھ روپے تاوان طلب کیا اور نہ دینے پر بچے کو قتل کرنے کی دھمکی دی۔ محلے کے بچوں کی نشاندہی پر مغوی کے والدین نے قادر کے خلاف سائٹ تھانے میں مقدمہ درج کرایا ۔

پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارکر ملزم کو گرفتار کر لیا، جس نے دوران تفتیش  اعتراف کیا کہ اس نے رقم کی خاطر بچے کو اغوا کیا تھا اور اسے نیم بے ہوشی کی حالت میں رکھنے کے لیے نیند کی گولیاں دیں ، گولیوں کی مقدار زیادہ ہونے کے باعث بچے کی موت واقع ہو گئی جس پر اس نے لاش کے بی فیڈر نہر میں پھینک دی۔

ایس ایچ او کوٹری فضل قریشی نے بتایا کہ ملزم کی نشان دہی پر نیند کی گولیاں فراہم کرنے والے شخص اصغر کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے کے والدین اور دیگر رشتے داروں کے اشتعال کے باعث ملزم کو سامنے نہیں لایا جا رہا اور اسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کو بچے کی چپل بھی نہر کے قریب سے ملی ہے، مقامی غوطہ خوروں کی مدد سے لاش کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ بچے کے والد اعجاز ڈوگر نے بتایا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ گرفتار شخص جھوٹ بول رہا ہے اور اس نے بچے کو کسی اور مقام پر  منتقل کر دیا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے واقعہ پر نوٹس لینے کی اپیل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔