جے یوآئی (ف) نے انتخابی امیدواروں کا اعلان کردیا

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 17 مارچ 2013
انتخابات میں 10 جماعتوں کے اتحاد کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا جائے گا، تاج ناہیوں   فوٹو: فائل

انتخابات میں 10 جماعتوں کے اتحاد کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا جائے گا، تاج ناہیوں فوٹو: فائل

حیدرآباد:  جمعیت علماء اسلام (ف)  حیدرآباد نے عام انتخابات 2013 کے حوالے سے ضلع حیدرآباد کی 3 قومی اسمبلی اور6 صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے اور واضح کیا ہے کہ عام انتخابات میں 10 جماعتوں کے تشکیل پانے والے اتحاد کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا جائے گا۔

یہ فیصلہ جے یو آئی حیدرآباد کی جنرل کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جوکہ مولانا تاج محمد ناہیوں کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں امیدواروں کے ناموں کااعلان بھی کیا گیا جس کے مطابق این اے219 سے حافظ خالدحسن دھامرا، 220 سے قاری کامران احمد اور221 سے مولانا تاج محمد ناہیوں جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 45 سے عبدالعزیز راجپوت،46 سے مولانا عبدالہادی بروہی، 47 سے غلام سرور بلیدی ایڈوکیٹ،48سے ہمایوں خان مندوخیل،49سے مولانا ضیاء الرحمان طاہر اور50 سے آصف رضا کھوسو کو امیدوار نامزد کیا گیا۔

خالد حسن دھامرا نے شرکاء کو بتایا کہ الیکشن میں حصہ10 جماعتی اتحاد کے پیلٹ فارم سے لیاجائے گا۔ اجلاس میں سانحہ عباس ٹاؤن کراچی اور بادامی باغ لاہور کو کھلی دہشت گردی قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ اگرپنجاب پولیس گستاخ رسول ﷺ کو بروقت گرفتار کر لیتی تو پھر بے گناہوں کے گھرنہیں جلتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔