اسٹیل کی 45 فیصد ملکی ضروریات درآمدات سے پوری کی جانے لگیں

حسیب حنیف  اتوار 24 دسمبر 2017
پاکستان اسٹیل کو بحال کرکے پاکستان سی پیک منصوبے کے تحت بھی ملکی اسٹیل سیکٹر کو فروغ دینے میں کامیا ب ہو سکتا ہے، دستاویز۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسٹیل کو بحال کرکے پاکستان سی پیک منصوبے کے تحت بھی ملکی اسٹیل سیکٹر کو فروغ دینے میں کامیا ب ہو سکتا ہے، دستاویز۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: ملک میں اسٹیل کی کھپت بڑھنے کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان اسٹیل کی بحالی کا کوئی منصوبہ تاحال تیار نہ کیا جا سکا جب کہ پاکستان کی 45 فیصد اسٹیل کی ضروریات درآمدات سے پوری کی جانے لگیں۔

ایکسپریس کو موصول دستاویز کے مطابق گزشتہ تین سال کے دوران ملک میں اسٹیل کی کھپت 5.2ملین ٹن سے بڑھ کر 7.3ملین ٹن ہوئی ہے اور 2019تک اسٹیل کی کھپت بڑھ کر 12ملین ٹن تک پہنچ جائے گی۔ کمپاؤنڈ اینول گروتھ ریٹ (سی اے آر جی) کے تحت 14فیصد اضافے کے ساتھ 2017سے 2019کے دوران پاکستان کی اسٹیل کی کھپت 8 سے 12 ملین ٹن تک پہنچ جائے گی لیکن پاکستان میں اسٹیل کی پیداوار کو فروغ نہیں دیا جا سکا۔ پاکستان میں فولاد سازی (اسٹیل) کو بڑھاتے ہوئے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت بھی اسٹیل سیکٹر کوفروغ دیا جا سکتا ہے۔

اسٹیل کی پیداوار کے سلسلے میں 2016کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 1.63ارب ٹن مجموعی پیداوار میں پاکستا ن آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ اسٹیل کی پیداوار کے سلسلے میں چائنا کا نمبر پہلا ہے، اسی طرح جاپان اسٹیل کی پیداوار میں دوسرے، ہندوستان تیسرے، امریکا چوتھے، روس پانچویں، جنوبی کوریا چھٹے، جرمنی ساتویں اور پاکستان کا نمبر آٹھواں ہے جبکہ پاکستان میں اسٹیل کی 45فیصد ضروریات اسٹیل درآمد کرکے پوری کی جانے لگی ہیں۔

مالی سال 2011میں 16لاکھ 23ہزار ٹن، 2012 میں 18لاکھ 4ہزار ٹن، 2013 میں 21 لاکھ 60 ہزار ٹن، 2014 میں 19 لاکھ 76 ہزار ٹن، 2015 میں 24 لاکھ 58 ہزار ٹن اور 2016 میں 33 لاکھ 54 ہزار ٹن اسٹیل درآمد کیا گیا اور 2011 سے 2016 کے دوران پاکستان کی جانب سے اسٹیل در آمدات میں اضافہ دیکھنے میں آیا جس کی وجوہات میں سے ایک بڑی وجہ پاکستان اسٹیل کی بندش ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں اسٹیل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی اس وقت اشد ضرورت بھی محسوس کی جا رہی ہے۔ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ملک بھر میں انفرااسٹرکچر کے منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں، اگر پاکستان فولاد سازی کو ملک میں فروغ دے اور پاکستان اسٹیل کو بحال کیا جائے تو پاکستان سی پیک منصوبے کے تحت بھی ملکی اسٹیل سیکٹر کو فروغ دینے میں کامیا ب ہو سکتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔