دھون نے آسٹریلیا کو اسپورٹس مین اسپرٹ کا مزہ چکھا دیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 17 مارچ 2013
موہالی ٹیسٹ: بھارتی بیٹسمین شیکھر دھون کا لیگ سائیڈ کی جانب شاٹ، انھوں نے ڈیبیو پر تیز ترین سنچری کا اعزاز حاصل کرلیا۔ فوٹو: بی سی سی آئی

موہالی ٹیسٹ: بھارتی بیٹسمین شیکھر دھون کا لیگ سائیڈ کی جانب شاٹ، انھوں نے ڈیبیو پر تیز ترین سنچری کا اعزاز حاصل کرلیا۔ فوٹو: بی سی سی آئی

موہالی: موہالی ٹیسٹ میں شیکھر دھون نے آسٹریلیا کو اسپورٹس مین اسپرٹ کا مزہ چکھا دیا۔

تکنیکی طور پر پہلی گیند کھیلنے سے قبل آؤٹ ہونے والے اوپنر نے ڈیبیو پر تیزترین سنچری جڑ ڈالی، بھارت نے تیسرے دن کے اختتام تک بغیر نقصان کے 283 رنز بنالیے، دھون 185 رنز پر ناقابل شکست ہیں، مرلی وجے 83 رنز پر ان کا ساتھ دے رہے تھے، اس سے قبل آسٹریلیا نے 408 رنز بنائے، مچل اسٹارک اور اسٹیون اسمتھ دونوں ہی نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، ایشانت شرما اور جڈیجا نے تین، تین وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف بھارت نے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے ہی دن بغیر کسی نقصان کے 283 رنز بنالیے، اسے خسارہ پورا کرنے کیلیے 125 رنز دکار اور تمام وکٹیں باقی ہیں۔

3

وریندر سہواگ کی جگہ میدان میں اترنے والے شیکھر دھون کو آسٹریلیا نے خود اپنے ہاتھوں سے ’ڈریم ڈیبیو‘کا موقع فراہم کیا۔ وہ تکنیکی طور پر بغیر کسی گیند کا سامنا کیے رن آؤٹ ہوچکے تھے، جب بولر مچل اسٹارک کے ہاتھ سے گیند چھوٹ کر نان اسٹرائیک اینڈ پر اسٹمپس سے جالگی، اس وقت دھون کریز سے باہر تھے مگر آسٹریلیا نے اپیل نہیں کی، اسے اپنی اسپورٹس مین اسپرٹ کا بھاری خمیازہ بھگتنا پڑا جب دھون کے بیٹ سے رنز کا طوفان جاری ہوگیا، انھوں نے 85 گیندوں پر سنچری جڑی جو ڈیبیو پر کسی بھی بیٹسمین کی تیز ترین تھری فیگر اننگز ہے، جب دن کا اختتام ہوا تو وہ 185 رنز پر کھیل رہے تھے۔

اس طرح انھوں نے پہلے ٹیسٹ میں بڑی اننگز کھیلنے کا بھارتی ریکارڈ بھی توڑ دیا، انھیں94 رنز پر بھی ایک چانس ملا جب پیٹرسڈل کی گیند پر گلی میں موجود فل ہیوز کیچ نہیں تھام سکے۔اس سے قبل آسٹریلیا 408 رنز پر آؤٹ ہوا، اوور نائٹ جوڑی اسٹیون اسمتھ اور مچل اسٹارک نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں97 رنز جوڑے،  اسمتھ 92 رنز پر اوجھا کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے، مچل اسٹارک صرف ایک رن کی کمی سے 56 سال بعد نویں نمبر پر سنچری جڑنے والے کرکٹر کا اعزاز حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔