ہاکی؛ پاکستان تیسری پوزیشن کی دوڑ سے بھی باہر

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 17 مارچ 2013
اذلان شاہ کپ ہاکی: پاکستانی کھلاڑی عتیق جنوبی افریقی حریف لم کیونگ جو سے گیند چھیننے کی کوشش کررہے ہیں، مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا۔ فوٹو: اے ایف پی

اذلان شاہ کپ ہاکی: پاکستانی کھلاڑی عتیق جنوبی افریقی حریف لم کیونگ جو سے گیند چھیننے کی کوشش کررہے ہیں، مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا۔ فوٹو: اے ایف پی

ایپوہ: اذلان شاہ ہاکی کپ کے فائنل میں ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا اور میزبان ملائیشیا کی ٹیمیں اتوار کو مدمقابل ہوں گی۔

کوریا سے میچ برابر ہونے کے بعد پاکستان تیسری  پوزیشن کی دوڑ سے بھی باہر ہوگیا، ایونٹ کی سب سے ناکام ٹیم کے داغ سے دامن بچانے کیلیے پوائنٹس ٹیبل کی آخری ٹیم بھارت کو شکست دینا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کو 3-2 سے شکست دے کر 11 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں قدم رکھا، بھارت کے ساتھ 2-2 سے ڈرا میچ نے ملائیشیا کو بھی ٹائٹل مقابلے کا حقدار بنا دیا، پہلی مرتبہ اعزاز حاصل کرنے کیلیے پُرعزم میزبان ٹیم نے 9 پوائنٹس کے ساتھ اختتام کیا۔

4

پاکستان کا جنوبی کوریا کیخلاف میچ  بھی 2-2 سے برابر  رہا، گرین شرٹس نے  16 ویں منٹ میں سلمان حسین کے گول کی بدولت برتری حاصل کی  جو پہلے ہاف کے خاتمے  تک قائم رہی، وقفے کے بعدآغاز میں ہی جنوبی کوریا نے دباؤ بڑھاتے ہوئے پنالٹی کارنر پر گول کر دیا، میچ کے47 ویں منٹ میں  عبدالحسیم خان نے  ایک بار پھر ٹیم کو برتری دلائی جسے محمد عرفان  کے ’اون گول‘ نے ختم کر دیا، باقی وقت میں ایک بہترین موقع ملنے کے باوجود گرین شرٹس گول  نہ کرسکے۔

ڈرا میچ سے دونوں ٹیموں کے 5، 5 پوائنٹس ہوگئے تاہم بہتر گول اوسط کی وجہ سے جنوبی کورین ٹیم برانز میڈل  میچ میں نیوزی لینڈ کے مقابل ہوگی، بلیک اسٹکس  نے ایونٹ میں 6 پوائنٹس جوڑے ہیں۔ پاکستان کو ٹورنامنٹ میں آخری نمبر کی ٹیم کے داغ سے دامن بچانے کیلیے بھارت کو شکست دینا ہوگی، اس سے قبل باہمی مقابلے میں بلو شرٹس نے 3-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔