انڈین ویلز ٹینس؛ ماریا شراپووا رواں برس پہلی ٹرافی سے ایک فتح دور

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  اتوار 17 مارچ 2013
سیمی فائنل میں ماریا کریلنکو کو ہرا دیا، کیرولین ووزینسکی نے اینجلیک کیربرکو قابو کرلیا، مینز میں ڈیل پوٹرو نے اینڈی مرے کو مات دیدی، جوکووک بھی کامیاب۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

سیمی فائنل میں ماریا کریلنکو کو ہرا دیا، کیرولین ووزینسکی نے اینجلیک کیربرکو قابو کرلیا، مینز میں ڈیل پوٹرو نے اینڈی مرے کو مات دیدی، جوکووک بھی کامیاب۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

انڈین ویلز / کیلیفورنیا: روسی اسٹار ماریا شراپووا رواں برس پہلی ٹرافی سے ایک فتح دور پہنچ گئیں۔

انھوں نے انڈین ویلز کے سیمی فائنل میں ہموطن ماریا کریلنکو کو 6-4،6-3 سے ہرا دیا،ڈینش اسٹار کیرولین ووزینسکی نے 4 سیڈ جرمن حریف اینجلیک کیربر کو 2-6،6-4 اور 7-5 سے قابو کرلیا، سیمی فائنل میں پہنچنے کی بدولت پیر کو جاری ہونے والی نئی عالمی رینکنگ میں ماریا کی ایک درجے ترقی بھی یقینی ہوگئی، مینز سنگلز میں ڈیل پوٹرو نے اینڈی مرے کو مات دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی،جہاں پر ان کا سامنا دفاعی چیمپئن نووک جوکووک سے ہوگا، سربین اسٹار نے آخری کوارٹر فائنل میں فرنچ حریف جوئے ولفریڈ سونگا کا سفر ختم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ماریا شراپووا نے سیمی فائنل میں ہموطن ماریا کریلنکو کوباآسانی 6-4،6-3 سے زیر کرلیا، وہ رواں سال پہلی بار کسی ایونٹ کے فائنل میں پہنچیں، اس فتح کی بدولت ماریا پیر کو جاری ہونے والی نئی ورلڈ رینکنگ میں ایک درجے ترقی کے بعد نمبر2 پوزیشن پر آجائیں گی، روسی اسٹار کی نگاہیں عالمی رینکنگ میں بہتری سے زیادہ ٹائٹل جیتنے پر مرکوز ہیں، وہ رواں برس اپنا تیسرا ٹورنامنٹ کھیل رہی ہیں، کندھے کی ہڈی میں تکلیف کے سبب برسبین انٹرنیشنل ایونٹ سے دستبرداری اختیار کرنے والی ماریا نے سیزن کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن اور دوحا میں سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کی تھی، روسی پلیئر نے 2006 میں بھی کیلیفورنیا کے صحرا میں منعقدہ ٹینس ایونٹ میں ٹائٹل اپنے نام کیا۔

7

گذشتہ برس انھیں فائنل میں وکٹوریا آذرنیکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، رواں ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں جرمن پلیئر اینجلیک کیربر کو پچھاڑ کر ماریا کے مقابل پہنچنے والی کیرولین ووزینسکی بھی انڈین ویلز میں ریکارڈ کے معاملے میں ہم پلہ ہیں، ڈینش اسٹار نے 2011 میں یہاں ٹائٹل جیتا جبکہ اس سے قبل 2010 میں رنر اپ رہی تھیں۔دوسری جانب مینز سنگلز سیمی فائنل تک رسائی کے آخری معرکے میں جوکووک نے 8 سیڈ جوئے ولفریڈ سونگا کو اسٹریٹ سیٹ میں باآسانی 6-3 اور 6-1 سے ہرادیا، فاتح پلیئر 31 اکتوبر 2012 سے اب تک مسلسل 22 میچز جیت چکے، رواں برس 17 فتوحات ان کے نام درج ہوئیں، ارجنٹائن کے سابق یوایس اوپن چیمپئن مارٹن ڈیل پوٹرو نے انگلش اسٹار اینڈی مرے کو 6-7(5/7)،6-3 اور 6-1 سے قابو کیا، مرے ایونٹ سے باہر ہونے والے دوسرے ٹاپ پلیئر بن گئے۔

ان سے قبل رافیل نڈال نے راجرفیڈرر کوراؤنڈ 8 تک محدود کردیا تھا، دنیا کے چار صفر اول پلیئرز میں سے اب سیمی فائنل میں دو یعنی جوکووک اور نڈال ہی موجود ہیں،اسپینش اسٹار7 ماہ تک انجری کے سبب ٹینس کورٹس سے دور رہنے کے بعد واپسی پر چوتھا ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں، سیمی فائنل میں رسائی کیلیے انھیں 6 سیڈ جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ کا چیلنج درپیش ہوگا، گذشتہ برس ڈیل پوٹرو نے لندن اولمپکس کے برانز میڈل مقابلے میں جوکووک کو شکست دی تھی، اس کے بعد مزید چار باہمی مقابلوں میں جوکووک نے ڈیل پوٹرو کو ٹھکانے لگایا، دبئی کے سیمی فائنل  میں ڈیل پوٹرو کو فتح ملی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔