ہمیں اپنی فلموں اور ڈراموں کے ذریعے خوبصورت ثقافت کو اجاگر کرنا چاہیے، صوفیہ مرزا

قیصر افتخار  بدھ 27 دسمبر 2017
 ہمارے ہاں کوئی حقائق کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہی نہیں، ایکسپریس کو انٹرویو۔ فوٹو: فائل

ہمارے ہاں کوئی حقائق کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہی نہیں، ایکسپریس کو انٹرویو۔ فوٹو: فائل

 لاہور: اداکارہ و ماڈل صوفیہ مرزا نے کہا ہے کہ ہمیں بھی اپنی فلموں اور ڈراموں کے ذریعے خوبصورت ثقافت اور سو فٹ امیج کو اجاگر کرنا چاہیے۔

صوفیہ مرزا نے نمائندہ ایکسپریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ نیگٹیو اور پازیٹو سے کوئی فرق نہیں پڑتا، فنکار پروجیکٹ میں اپنے کردار کی نوعیت دیکھ کر کام کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا فلم اور ٹی وی کے ذریعے مثبت انداز سے کام لے رہی ہے، ہمسایہ ملک بھارت اپنی فلم اور ٹی وی ڈراموں کے ذریعے اپنی ثقافت کے ساتھ خود کو ایک پرامن ملک کے طور پر پیش کر رہا ہے حالانکہ وہاں پرہندو انتہا پسندی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہمیں بھی اپنی فلموں اور ڈراموں کے ذریعے خوبصورت ثقافت اور سو فٹ امیج کو اجاگر کرنا چاہیے، مگر ہمارے ہاں بڑے حقائق کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہی نہیں ہیں۔

صوفیہ مرزا نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمارے فلم اور ٹی وی میکرز کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمے داریوں کا احساس کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے مسائل کے ساتھ دنیا کو بتائیں کہ ہم پرامن قوم ہیں۔ بالی وڈ میں حساس اورنازک موضوعات پر فلمیں بنائی جارہی ہیں مگر انھیں کسی قسم کی پریشانی یا دباؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ۔ ہمیں سوسائٹی میں پائی جانے والی خامیوں کو سامنے لانے والے پروڈیوسرز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ طویل عرصہ بعد ہماری فلم انڈسٹری دوبارہ سے اپنی ساکھ بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس میں نئے فلم میکر کا بڑا ہاتھ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں صوفیہ مرزا نے کہا کہ اداکاری کے ساتھ کمپیئرنگ کر رہی ہوں جبکہ ایک فلم سائن کی ہوئی ہے جس کی شوٹنگ جلد ہی شروع ہوجائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔