قائد اعظم گیمز؛ پنجاب کے کھلاڑی چھا گئے جوڈو میں 5 طلائی تمغے

ذوالفقار بیگ / اسپورٹس رپورٹر  بدھ 27 دسمبر 2017
سندھ کے عبدالمعید 100 میٹر ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب، اسکواش ٹرافی لائبہ اعجاز کے نام، فائنل میں نمرہ ناکام۔ فوٹو: فائل

سندھ کے عبدالمعید 100 میٹر ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب، اسکواش ٹرافی لائبہ اعجاز کے نام، فائنل میں نمرہ ناکام۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: قائداعظم بین الصوبائی گیمز میں پنجاب کے کھلاڑی چھا گئے، انھوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برتری قائم کر لی۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے زیراہتمام جاری قائداعظم بین الصوبائی گیمز اسلام آباد میں جاری ہیں، پی ایس بی بائیو مکینیکل لیب ہال میں جاری جوڈو کے ایونٹ میں مردوں کے مقابلوں میں پنجاب کے کھلاڑیوں نے3 طلائی اور کے پی کے اور فاٹا کے کھلاڑیوں نے ایک ایک میڈل حاصل کیا۔

مینز 50 کلو گرام کیٹیگری میں پنجاب کے ہوگان نے طلائی، فاٹا کے اعجاز احمد نے چاندی جبکہ کے پی کے اکبر علی اور بلوچستان کے گلزار نے کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔55 کلو گرام میں فاٹا کے احسان اللہ نے گولڈ، سندھ کے ایس مصطفی نے سلور جبکہ بلوچستان کے شیر خان اور آزاد کشمیر کے نوید احمد نے برانز میڈل جیتے، 60کلو گرام میں خیبر پختونخوا کے وحید نے طلائی، بلوچستان کے شمس اللہ نے چاندی جبکہ فاٹا کے محب اللہ اور آزاد کشمیر کے جاوید احمد نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

66کلو گرام میں پنجاب کے عمر مختار سرفہرست رہے، فاٹا کے طارق نے چاندی جبکہ بلوچستان کے شعیب اور اسلام آباد کے ایم اسلام نے کانسی کا تمغے جیتے، مینز اوپن ویٹ کیٹگری میں پنجاب کے فیصل نے طلائی، کے پی کے شافی اللہ نے چاندی جبکہ بلوچستان کے قاسم خان اور فاٹا کے عثمان نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

ویمنز جوڈو کی36کلوگرام کیٹیگری میں خیبرپختونخوا کی شاہ رُخ نے طلائی، فاٹا کی حسینہ نے چاندی جبکہ آزاد کشمیر کی انوشا اور پنجاب کی ماریا نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔40 کلو گرام پنجاب کی صبا فاتح رہیں، خیبرپختونخوا کی سماریا نے چاندی جبکہ بلوچستان کی خضرا اور سندھ کی انوشا رفیق نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ 44کلو گرام میں پنجاب کی مفسال نے سونے، سندھ کی مریم نے چاندی جبکہ فاٹا کی صبغا اور کے پی کے کی بشریٰ نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

48کلوگرام میں فاٹا کی نادیہ نے طلائی، پنجاب کی رشنا نے چاندی جبکہ کے پی کے کی ماریہ اور بلوچستان کی خضرا نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ ویمنز اوپن ویٹ کیٹیگری میں گلگت بلتستان کی سمیہ نے طلائی، سندھ کی کنزا نے چاندی جبکہ پنجاب کی کشف اور بلوچستان کی فرح نازنے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

ویمنز اسکواش کی ٹرافی خیبر پختونخواکی لائبہ اعجاز نے اپنے نام کر لی، انھوں نے فائنل میں اپنے ہی صوبہ کی کی نمرہ کو3-0 سے ہرایا، میچ کا اسکور 11-10، 11-8 اور 11-6 رہا، قبل ازیں لائبہ نے کوارٹر فائنل میں پنجاب کی طیبہ عباس، سیمی فائنل میں پنجاب کی صبغہ کو ہراتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔

سابق اسکواش ورلڈچیمپئن قمر زمان نے لائبہ اعجاز کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لائبہ اعجاز میں عالمی چیمپئن بننے کی تمام تر صلاحیتیں موجود ہیں، انھوں نے اسی طرح محنت اور لگن سے کھیل جاری رکھا تو اس کے مثبت نتائج نکلیں گے اور وہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کریں گی۔

گزشتہ روز ایتھلیٹکس مقابلے بھی شروع ہوگئے، جناح اسٹیڈیم میں مینز ہائی جمپ مقابلوں میں پنجاب کے محمد افضل اور محمد رضوان نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ بلوچستان کے ذیشان تیسرے نمبر پر رہے۔

لانگ جمپ میں خیبرپختونخوا کے شعیب خان فاتح رہے، بلوچستان کے شکیل دوسرے اور وقار یونس تیسرے نمبر پر رہے۔ ویمنز جیویلین تھرو میں پنجاب کی ماہنور نے طلائی تمغہ حاصل کیا، بلوچستان کی سائرہ نے چاندی اور پنجاب کی امین نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، مینز جیویلین تھرو ایونٹ میں پنجاب کے محمد یاسر نے طلائی، آزاد جموں و کشمیر کے ذیشان مطلوب نے چاندی اور خیبرپختونخوا کے شہاب خان نے کانسی کے تمغے جیتے۔

ویمنز شاٹ پٹ میں بھی ماہنور چھائی رہیں اور طلائی تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں، پنجاب ہی کی آرزو نے چاندی اور بلوچستان کی جویریہ نے کانسی کے تمغے جیتے، مینز شاٹ پٹ میں خیبرپختونخوا کے زوہیب خان نے طلائی، پنجاب کے شاہ نواز نے چاندی اور فاٹا کے حضران خان نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔

مینز 100 میٹر ریس میں سندھ کے عبدالمعید نے مقررہ فاصلہ 10.92 سیکنڈز میں طے کیا اور ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے، پنجاب کے لئیق نوید نے3 سیکنڈز کے فرق سے چاندی اور خیبرپختونخوا کے شعیب نے کانسی کا تمغہ جیتا، ویمنز 100 ریس میں سندھ کی شفق آفرین نے 13.26 سیکنڈز کے ساتھ طلائی تمغہ اپنے نام کیا، پنجاب کی تراب زہرہ ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہیں، انھیں سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا، سندھ کی عیشا آفان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا،100 میٹر ہرڈل ریس میں پنجاب کی رباب نے 18.60 سیکنڈز کے ساتھ طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، پنجاب کی سحرش نے چاندی اور سندھ کی جویریہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، مینز اینڈ ویمنز 400 میٹر ہرڈل ریس میں بلوچستان کے ایتھلیٹس چھائے رہے۔

عامر علی نے مینز اور بینش نے ویمنز ایونٹس میں طلائی تمغے جیتے، عامر علی نے 55.37 سیکنڈز جبکہ بینش نے ایک منٹ اور 10.82 سیکنڈز میں فاصلہ طے کرکے بلوچستان کیلیے طلائی تمغے جیتے۔ پنجاب کے فرحان الیاس اور اوسامہ بشیر نے چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے جبکہ ویمنز میں پنجاب کی تحرین اور مرینا نے چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کئے۔

مینز 800 میٹر ریس میں سندھ کے عمر سادات نے مقررہ فاصلہ 2 منٹ اور 1.60 سیکنڈز میں طے کرکے طلائی تمغہ جیتا، بلوچستان کے افتخار نے چاندی اور پنجاب کے عصمت اللہ خان نے کانسی کا تمغہ جیتا، ویمنز 1500 میٹر دوڑ میں پنجاب کی صبا نے مقررہ فاصلہ 5 منٹ اور 28.94 سیکنڈز میں طے کر کے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

پنجاب کی جویریہ نے چاندی اور گلگت بلتستان کی شبانہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا جب کہ مینز 5 ہزار میٹر ریس میں بلوچستان کے ناصر علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ فاصلہ 16 منٹ اور 08.70 سیکنڈز میں طے کرکے طلائی تمغہ حاصل کیا، اسلام آباد کے فیضان نے چاندی اور پنجاب کے ساغر نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔

واضح رہے کہ آج فٹبال میں مینز اور ویمنز ایونٹس کے سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے جب کہ فائنلز جمعرات کو ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔