حسن سردار کو ہاکی ٹیم کی کوچنگ کا کام سونپ دیا گیا

خصوصی رپورٹر / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 5 جنوری 2018
ورلڈ الیون 19 اور21 جنوری کو میچز کھیلے گی، فیڈریشن کے ذمہ واجبات نہیں، دھڑے بندی کی سیاست نے نقصان پہنچایا، اسکروٹنی کریں گے۔ فوٹو : فائل

ورلڈ الیون 19 اور21 جنوری کو میچز کھیلے گی، فیڈریشن کے ذمہ واجبات نہیں، دھڑے بندی کی سیاست نے نقصان پہنچایا، اسکروٹنی کریں گے۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد /  لاہور: پی ایچ ایف نے نئی ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کر دیا ہے جب کہ حسن سردار کو ہاکی ٹیم کی کوچنگ کا کام سونپ دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی پی ایچ ایف کانگریس میٹنگ میں ہاکی کی بہتری کیلیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، کچھ عرصے سے قومی ہاکی ٹیم کیلیے غیر ملکی کوچ لانے کی باتیں زیر گردش تھیں تاہم پی ایچ ایف نے قومی ہاکی لیجنڈ حسن سردار کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے، اولمپیئن اصلاح الدین کو چیف سلیکٹر کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔

سابق کپتان محمد ثقلین اور ریحان بٹ کو معاون کوچز تعینات کیا گیا ہے۔ حسن سردار سے قبل فرحت خان ہیڈ کوچ تھے، ورلڈ کپ کوالیفائرز میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ان پر استعفیٰ کے لیے دباؤ تھا جنھوں نے ذاتی مصروفیات کا بتاتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا، فرحت خان سے قبل خواجہ جنید قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے، نئے ہیڈ کوچ حسن سردار کا شمار ماضی کے عظیم ہاکی کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ وہ 1980 کے ورلڈ کپ اور 1984 کی اولمپک ونر ٹیم کا حصہ تھے، آج بھی ان کا شمار دنیائے ہاکی کے10 بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، حسن سردار کو ورلڈ کپ تک ذمے داریاں سونپی جائیں گی۔

واضح رہے کہ کوچز کے ساتھ پی ایچ ایف کانگریس نے نئے چیف سلیکٹر کا بھی اعلان کیا ہے اور یہ ذمے داریاں اولمپئن اصلاح الدین کو سونپی گئی ہیں۔

اجلاس کے بعد پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر نے سیکریٹری شہباز احمد سینئر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کے ذمے کوئی واجبات نہیں ہیں، دھڑے بندی کی سیاست نے ہاکی فیڈریشن کو نقصان پہنچایا ہے۔ ہاکی کلبز اور ایسوسی ایشنز کی اسکروٹنی کریں گے، پی ایچ ایف کے انتخابات شفاف انداز میں کروائے جائیں گے۔

خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ ہاکی کی مینجمنٹ تبدیل کردی ہے، حسن سردار کو ہیڈ کوچ، اصلا ح الدین کو چیئرمین سلیکشن کمیٹی جبکہ  محمد ثقلین اور ریحان بٹ کو کوچز تعینات کر دیا گیا ہے، قومی ہاکی ٹیم کی فٹنس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جبکہ پلیئرز کا پول بڑھانے پر بھی کام ہو رہا ہے، نومبر 2018 میں ہونے والا ہاکی ورلڈ کپ اور کامن ویلتھ گیمز ہمارا ہدف ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بہترین کھلا ڑی موجود ہیں، قوم حوصلہ رکھے اچھا رزلٹ ملے گا۔

صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ ورلڈ الیون کا ایک میچ کراچی اور ایک لاہور میں منعقد کیا جائے گا جبکہ ہاکی ورلڈ الیون رواں ماہ پاکستان آرہی ہے جو 19جنوری کو کراچی اور 21 جنوری کو لاہور میں میچز کھیلے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔