ہاتھوں میں کپکپاہٹ کے 2 مریضوں کو دماغ میں پیس میکر لگانے کی تیاری مکمل

طفیل احمد / اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 6 جنوری 2018
نیورواسپائنل کینسرکیئرانسٹیٹیوٹ میں غریب مریضوں کامفت علاج ہوگا، ستارہاشم۔ فوٹو : فائل

نیورواسپائنل کینسرکیئرانسٹیٹیوٹ میں غریب مریضوں کامفت علاج ہوگا، ستارہاشم۔ فوٹو : فائل

 کراچی: ہاتھوں میں کپکپاہٹ کے 2 مریضوں کودماغ میں پیس میکر لگانے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔

ہاتھوں میں کپکپاہٹ کے 2 مریضوں کودماغ میں پیس میکر لگانے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے طبی تحقیق کاروں کی کاوش کے نتیجے میں ایک ایسی ڈیوائس تیارکی گئی ہے جس کو دماغ کے اندر نصب کرکے رعشہ(ہاتھوں کی کپکپاہٹ)ڈپریشن ، مرگی سمیت دیگر دماغی بیماریوں کا علاج ممکن ہوگیا، نئی اور جدید ترین تکنیک کے ذریعے دماغ کے اندر پیس میکر لگاکرہاتھوں کی کپکپاہٹ کوکنٹرول کیاجاسکے گا جب کہ دیگر دماغی امراض کو بھی اس نئی تکنیک سے کنٹرول کیا جاسکے گا۔

اس جدید ترین تکنیک کوکراچی کے نجی اسپتال نیورواسپائنل اینڈکینسرکیئر انسٹیٹیوٹ میں اتوارکو پہلی بار متعارف کرایا جائے گااس حوالے سے ہاتھوں میں کپکپاہٹ کے 2 نوجوان مریضوں کو منتخب لیاگیا ہے جن کے دماغ کے اندر پیس میکر لگاکر نئی تکنیک متعارف کرائی جائے گی اس سے قبل پیس میکر دل کی دھڑکن کوکنٹرول کرنے کے لیے لگایا جاتا تھا اب اسی طرز پر دماغ کے اندر پیس میکر لگا کر دماغی امراض کا علاج ممکن ہوگیا ہے۔

پیس میکر کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈیوائس استعمال کی جائے گی مریض کے سر کے اندر ڈیوائس زندگی میں ایک بار لگائی جائے گی تاہم ڈیوائس میں استعمال ہونے والی بیٹری کو 7سال بعد تبدیل کیاجائے گا۔

اس حوالے سے نئی تکنیک کو متعارف کرانے والے جناح اسپتال کے سابق سربراہ نیورو سرجن پروفیسر ڈاکٹر ستارہاشم اور معروف نیوروفزیشن پروفیسر شوکت علی نے ایکسپریس کو بتایا کہ اتوارکوکراچی میں نئی تکنیک کے ذریعے 2نوجوان مریضوں کے سرکے اندر پیس میکر لگایا جائے گا۔

ماہرین نے بتایا کہ متاثرہ مریض کو لگائی جانے والی ڈیوائس کا کنٹرول مریض اور اس کے معالج کے پاس ہوگاڈیوائس میں مریض کے مرض کے مطابق پروگرام فیڈ کیاجائے گا۔ ڈیوائس سرکی کھال کے اندرونی حصے میں نصب ہوگی۔

پروفیسر ستارہاشم نے بتایا کہ دماغ کے اندرلگائے جانے والے پیس میکرکی ایک لیڈ دماغ کے مخصوص حصے (STN) میں لگائی جائے گی اس لیڈکو جسم میں لگائی جانے والی بیٹری سے منسلک کردیاجائے گا جس کے بعد پیس میکرکام کرنا شروع کردے گا اس جدید تکنیکی عمل کے 20دن کے اندر مریض کو تکالیف سے بتدریج چھٹکارا ملنا شروع ہوجائے گا اور ہاتھوں کی کپکپاہٹ میں بتدریج کمی آتی جائے گی بعدازاں اس ڈیوائس کے ذریعے یہ مرض مکمل طورپر ختم ہوجائے گا یہ حساس نوعیت کا آپریشن 5سے7گھنٹے تک جاری رہے گا اس دوران نصف دورانیہ تک مریض کو بیہوش جبکہ دوسرے مرحلے میں نصف دورانیے تک مریض ہوش میں ہوگا۔

پروفیسر ستار ہاشم کاکہنا تھا کہ امریکا سمیت دیگر ترقی یافتہ ممالک میں دماغی امراض کا کامیاب علاج جدید تکنیک سے کیاجارہا ہے انھوں نے بتایاکہ کراچی میں پہلی بار اس DBS تکینک سے علاج کیاجائیگا انھوں نے کہاکہ نیورو اسپائنل کینسرکیئر انسٹیٹیوٹ میں ہاشم ٹرسٹ کے تحت بیت المال کے اشتراک سے غریب مریضوںکو بلامعاوضہ علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیںگی.

پروفیسر ہاشم کا کہنا تھا کہ نیورواسپائنل اینڈ کینسر کئیر انسٹیٹیوٹ میں اتوارکوکیے جانے والے آپریشن کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اس حوالے سے ماہرین اور تکنیکی عملے کو بھی چین کے اشتراک سے خصوصی تربیت دی گئی ہے۔

آج چین کے ماہرین پیس میکر کے حوالے سے مقالے پیش کرینگے

نیورواسپائنل کینسر اینڈ کیئر انسٹیٹیوٹ کے سربراہ پروفیسرستار ہاشم نے بتایا ہے کہ چین کے ماہرین صحت کے اشتراک سے پہلی بار کراچی میں نئی تکنیک پر خصوصی سمپوزیم آج آواری ہوٹل میں منعقد کیاجائے گا جس میں چین کے ماہرین نیوروسرجن نئی تکنیک کے حوالے سے خصوصی لیکچر اور ڈاکٹروں کو سکھانے کے لیے عملی تربیت کا مظاہرہ بھی کریںگے، سمپوزیم ہفتہ کی صبح11بجے آوری ہوٹل میں شروع ہوگا جبکہ اتوار کونیورواسپائنل انسٹیٹیوٹ میں پہلی بار 2مریضوں کودماغ کے اندر پیس میکر لگایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔