مچھلی کے ذائقہ دار پکوان

سمیرا انور  پير 5 مارچ 2018
مچھلی کے مزے دار پکوان۔ فوٹو: فائل

مچھلی کے مزے دار پکوان۔ فوٹو: فائل

مچھلی کے کباب

اجزا:

مچھلی آدھا کلو، تیل : ایک پاؤ، گرم مسالا پسا ہوا: ایک چمچہ، لیموں: ایک عدد ، سیاہ مرچ ،نمک اور سرخ مرچ : حسب پسند، سبز مرچیں: تین عدد ، ہرا دھنیا اور پودینے کے چند پتے، انڈے: دو عدد

ترکیب

ایک دیگچی میں ایک کلو پانی ڈال کر آنچ پر رکھ دیں۔ تھوڑا سا نمک ڈال دیں ۔پانی ابلنے لگے تو مچھلی کے ٹکڑے اس میں ڈال دیں ۔ابال اچھی طرح آنے کے بعد اسے اتار لیں اور پانی نچوڑ کے مچھلی کے ٹکڑے ایک پلیٹ میں رکھ لیں۔ ان ٹکڑوں میں سے تمام کانٹے نکال دیں اور مچھلی کی کھال بھی اتار لیں۔ اب ان ٹکڑوں کو ہاتھ سے اچھی طرح مسل لیں اور سارا ہرا مسالا اور نمک مرچ باریک کتر کر اس میں ملالیں۔گرم مسالا اور سیاہ مرچ پیس کر ملا لیں ۔اب ان تیار شدہ ٹکڑوں کی گول ٹکیاں بنا لیں ۔ایک فرائی پین میں تیل گرم کر کے مچھلی کے کبابوں کو انڈے میں ڈبو ڈبو کر کر تلتی جائیں ۔ کبابوں پر پسا ہوا گرم مسالا اور لیموں نچوڑ کر پیش کریں۔

مچھلی کے سیخ کباب

اجزا:

بغیر کانٹے والی مچھلی کا گوشت: آدھا کلو ، دہی: آدھا پاؤ، گرم مسالا پسا ہوا: دو چائے کے چمچے، سرخ مرچ پسی ہوئی: دو چائے کے چمچے، نمک: حسب ذائقہ ، پیاز: ایک درمیانے سائز کا ، لیموں: دو عد د، لہسن پسا ہوا: دو کھانے کے چمچے ، بھنے ہوئے چنوں کا آٹا: دو کھانے کے چمچے ، بالائی: دو کھانے کے چمچے۔ آٹا: آدھی پیالی، تیل: ایک پیالی

ترکیب

مچھلی کے ٹکڑے ایک انچ مربع سائز میں کاٹ لیں۔ ٹکڑوں کو نمک لگا کر رکھ دیں۔ اس کے بعد پہلے مچھلی پر آٹا لگا کر دھو لیں۔ پھر لیموں کا رس اور تھوڑا سا لہسن لگا کر ایک بار پھر دھوئیں۔ فرائی پان میں تیل ڈال کر کڑکڑائیں اور اس میں پیاز تیل لیں۔ سنہری ہوجائے تو پیاز نکال لیں اور اس میں باقی تمام مسالے ڈال کر پیسٹ بنالیں۔ اس پیسٹ میں دہی ،بالائی اور انڈے کی زردی ملادیں۔ اب مچھلی کے ٹکڑوں کو مسالوں کے پیسٹ میں ڈبو کر چھوڑ دیں۔ تیس منٹ کے بعد گوشت کے ٹکڑے سیخوں میں پروئیں اور کوئلے پر سینکتی جائیں۔ اس دوران گاہے بگاہے سیخوں پر گھی بھی چھڑکتی جائیں۔ سرخی مائل ہونے پر کباب اتارتی جائیں۔ کوئلے پر سینکنا مشکل ہو تو اسٹک پر لگا کر کم آئل میں ہلکی آنچ پر فرائی کر لیں اور املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

مچھلی کا سالن

اجزا: مچھلی کا گوشت: آدھا کلو ، گھی یا تیل : آدھا پاؤ ، ادرک، لہسن کا پیسٹ: ایک کھانے کا چمچہ، پسی ہوئی سرخ مرچ: ایک چائے کا چمچہ، ہلدی: آدھا چائے کا چمچہ، ہری مرچ: دو عدد ، نمک: حسب ذائقہ ، پیاز: دو عدد ( پیس لیں)، پسا دھنیا: ایک چائے کا چمچہ، دہی: آدھا پاؤ ، میتھی: چند دانے

ترکیب

مچھلی کے ٹکڑوں کو دھو لیں ۔دیگیچی میں گھی یا تیل گرم کرکے میتھی کے دانے ڈال کر ہلکا سا بھونیں اور پھر سارا مسالا ڈال کر تل لیں۔ جب مسالا بھن جائے تو دہی ڈال کر اس کے ساتھ ہی مچھلی کے ٹکڑے ڈال دیں ۔ گاہے بگاہے چمچے سے ہلاتی رہیں۔ دھیمی آنچ پر دس منٹ تک پکائیں۔ پھر ہرا دھنیا ڈال کر اتار لیں۔

مچھلی کی بریانی

اجزا

چاول: آدھا کلو

رہومچھلی کے ٹکڑے: آدھا کلو

ادرک لہسن کا پیسٹ: دو کھانے کے چمچے

سرخ پسی ہوئی مرچ : دو چائے کے چمچے

زیرہ : دو چائے کے چمچے

ہلدی: ایک چائے کا چمچہ

نمک: حسب ذائقہ

گرم مسالا: ایک چائے کا چمچہ

دہی: ایک کپ

پیاز: دو عدد، باریک کاٹ لیں

اجوائن: آدھا چمچہ

لیموں: تین عدد

ہری مرچ: دو عدد

سبز دھنیا: آدھی گٹھی

ترکیب: سب مسالوں کا پیسٹ بنالیں۔ پھر اس میں لیموں شامل کرکے خوب اچھی طرح مچھلی کے ٹکڑوں پر لگا کر رکھ دیں۔ اب ان ٹکڑوں کو مسالے کے باقی پیسٹ کے ساتھ تیل میں ڈال کر تل لیں۔ باسمتی چاول کو کچھ دیر تک پانی میں بھگو کر رکھیں اور پھر ابال لیں۔ ایک دیگیچی میں چاول اور مچھلی کو تہ در تہ لگائیں اور پندرہ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں ۔ مچھلی بریانی تیار ہے ،ہری مرچ اور دھنیا ڈال لیں اور پودینے کی چٹنی اور سلاد کے ساتھ استعمال کریں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔