ڈی جی سول ایوی ایشن کیخلاف ملازمین متحرک؛ مشیر ہوا بازی کو مزید 2 خطوط لکھ دیے

اسٹاف رپورٹر  منگل 9 جنوری 2018
 سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران اور ملازمین کو یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کے مطالبات پر جلدعمل ہوگا جو نہیں ہوسکا۔ فوٹو:فائل

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران اور ملازمین کو یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کے مطالبات پر جلدعمل ہوگا جو نہیں ہوسکا۔ فوٹو:فائل

 کراچی: سول ایوی ایشن کی آفیسرز ایسوسی ایشن اور سی بی اے پھر متحرک ہوگئی جب کہ مشیر ہوابازی سردار مہتاب خان عباسی کے نام پر خطوط لکھ دیے۔

ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی ایئرمارشل رٹائرڈ عاصم سلیمان کو ہٹانے کا پھر مطالبہ کردیا۔ سی بی اے اور آفیسر ایسوسی ایشن کی قیادت کی جانب سے لکھے گئے 2 مزید خطوط کے بعد معاملہ ایک مرتبہ پھر گمبھیر ہوگیا۔ پیر 8 جنوری کو لکھے گئے خطوط میں مشیر ہوابازی سے مطالبہ کیا گیاہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن عاصم سلیمان کو ان کے عہدے سے ہٹایا جائے۔

خط کے متن کے مطابق گذشتہ دنوں ہونے والی میٹنگ میں سول ایوی ایشن کے افسران اور ملازمین کو یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کے مطالبات پر جلد سے جلدعمل ہوگا جو نہیں ہوسکا اورصورت حال جو ں کی توں ہے جو ادارے اور ملک کے مفاد میں کسی طور بہتر نہیں۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن کی دونوں نمائندہ تنظیمیں آفیسر زایسوسی ایشن اور سی بی اے موجودہ تناظر میں دوبارہ فعال ہونے والی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ممبرز ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔