ٹیکنالوجی کی چند تازہ ترین اور حیرت انگیز ایجادات

ویب ڈیسک  بدھ 10 جنوری 2018
دنیا کی سب سے بڑی الیکٹرونک اشیا کی نمائش سے تازہ ترین ایجادات۔ (تصاویر: سی ای ایس آفیشل ویب سائٹ)

دنیا کی سب سے بڑی الیکٹرونک اشیا کی نمائش سے تازہ ترین ایجادات۔ (تصاویر: سی ای ایس آفیشل ویب سائٹ)

لاس ویگاس: امریکا میں ہر سال کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) منعقد ہوتا ہے جس میں دنیا بھر سے لوگ شرکت کرتے ہیں اور یہاں موجود آلات و ایجادات کو دیکھ کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔

الیکٹرونکس آلات کی اس سب سے بڑی نمائش میں زیادہ تر گھریلو آلات پیش کیے جاتے ہیں اور ان کے آرڈر وصول کیے جاتے ہیں۔ گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی یہ نمائش لاس ویگاس میں منعقد ہوئی جس کی تصاویر بہت مقبول ہورہی ہیں۔ اس تصویری البم میں ہم کچھ بہترین اشیا اور ان کی تفصیلات پیش کررہے ہیں:

فولڈی میٹ کمپنی نے روبوٹ دھوبی بنایا ہے جو دھلے ہوئے کپڑوں کو آپ کےلیے ہاتھوں ہاتھ تہہ کردیتا ہے۔

لاس ویگاس میں منعقدہ الیکٹرونکس نمائش کی ایک اور قابلِ توجہ ایجاد یہ مارس ایئربڈز ہیں جنہیں کانوں میں لگا کر آپ کسی گفتگو کا فوری طور پر دنیا کی کئی زبانوں میں ترجمہ سن سکتے ہیں۔

ایک کمپنی مائی برین ٹیکنالوجی نے دماغی سکون پہنچانے اور تناؤ دور کرنے والا ہیڈ فون بنایا ہے جو بہت مقبول ہورہا ہے۔

جلد کی مصنوعات بنانے والی مشہور کمپنی نیوٹروجینا نے جلد کی شناخت کرنے والا اسکن اسکینر بنایا ہے۔ تصویر میں ایک ماہر اسکینر سے جلد کا معائنہ کررہا ہے۔

دنیا بھر میں تھری ڈی پرنٹر کا شور ہے۔ ڈاونسی کمپنی نے تھری ڈی پرنٹر تیار کیا ہے جو کم خرچ ہے اور کئی اقسام کی اشیا تیار کرتا ہے۔

سی ای ایس کی اس تصویر میں دکھائی دینے والے یہ چھوٹے سے ڈبے طرح طرح کی خوشبوؤں سے بھرے ہیں۔ بس آپ ایپ سے سگنل دیجیے اور آپ کی من پسند خوشبو دفتریا کمرے کو معطر کرے گی۔

آپ کے میک اپ کو دیکھ کر اسے بہتر یا خراب بتانے والا اسمارٹ آئینہ بھی سی ای ایس میں رکھا گیا جو ایمیزون کے ہوم اسسٹنٹ ایلکسا سے جڑ سکتا ہے۔

ٹویوٹا کمپنی نے ایک جدید ترین وین متعارف کرائی ہے جسے چلتے پھرتے ہسپتال، دکان یا آفس میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

سونی نے ایکسپیرا ایکس اے ٹو الٹرا فون متعارف کرایا ہے جو سلوموشن ویڈیو بھی بناسکتا ہے۔

تالے بھی اب اسمارٹ ہوگئے۔ سی ای ایس میں پیش کردہ ایک تالا رکھا گیا ہے جو ری چارج ہوسکتا ہے اور صرف اپنے مالک کے فنگرپرنٹ سے ہی کھلتا ہے۔

جاپانی پالتو روبوٹ جانوروں سے بے حد لگاؤ رکھتے ہیں اور ایسا ہی ایک ذہین روبوٹ کتا آئبو سی ای ایس میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔