پولٹری نرخ گٹھ جوڑ سے مقرر کرنے کے الزام کی تحقیقات

خصوصی رپورٹر  جمعـء 12 جنوری 2018
پولٹری ایسوسی ایشن کاریکارڈضبط کرلیا،جائزے کے بعدرپورٹ جاری کی جائیگی، اعلامیہ۔ فوٹو:فائل

پولٹری ایسوسی ایشن کاریکارڈضبط کرلیا،جائزے کے بعدرپورٹ جاری کی جائیگی، اعلامیہ۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: مسابقتی کمیشن پاکستان نے پولٹری سیکٹر میں مختلف مارکیٹ پلیئرز کے درمیان قیمتوں کے تعین پر ممکنہ ساز باز پر تحقیقات شروع کر دی ہے۔

سی سی پی نے یہ انکوائری مختلف مارکیٹ پلیئرز کے درمیان پولٹری کی قیمتوں سے متعلق منظم بات چیت کے مضبوط شواہد ملنے پر ازخود نوٹس کے تحت شروع کی، اس سلسلے میں سی سی پی کے مجاز افسران نے لاہور میں پولٹری ایسوسی ایشن کے زیراستعمال ایک احاطے کا معائنہ کیا اور اس ممکنہ سازباز سے متعلقہ مواد اور ثبوتوں کو ضبط کر لیا، سی سی پی انکوائری ٹیم اس مواد اور ثبوتوں کا جائزہ لینے کے بعد انکوائری رپورٹ جاری کرے گی۔

یہاں پر اس بات کا ذکر کرنا بھی مناسب ہو گا کہ سی سی پی اس پہلے بھی پولٹری سیکٹر میں ساز باز کے عمل پر تحقیقات کے بعد جرمانہ نافذ کر چکا ہے۔ سی سی پی نے 2010 میں پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن پر پولٹری مارکیٹ میں گٹھ جو ڑپر 5کرو ڑروپے جرمانہ کیا تھا، بعد میں 2016 میں پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن پر پرائس فکسنگ پر 10کروڑ روپے جرمانہ بھی عائد کیا جا چکا ہے۔

سی سی پی گٹھ جوڑ اور ساز باز سے متعلقہ سرگرمیوں پر خاص طور پر چوکس رہتے ہوئے نظر رکھتا ہے کیونکہ کمپیٹیشن مخالف سرگرمیوں میں یہ سب سے مہلک ہے جب کہ کمپیٹیشن ایکٹ 2010کے سیکشن 4کے تحت ساز باز سے متعلقہ سرگرمیاں ممنوع ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔