سیاسی یتیموں کےٹولے نے صرف مفاد پرستوں کی بھرتی کی، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک  جمعـء 12 جنوری 2018

سیہون: چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سیاسی یتیموں کے ٹولے نے صرف وزیروں، مشیروں اور پیٹ پرستوں کی بھرتی کی، اس کے علاوہ ان کے حصے میں کچھ نہیں آیا۔

سیہون میں این آئی سی وی ڈی اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیہون شریف انسانیت کے لیے ایک پناہ گاہ ہے، پوری دنیا سے لوگ یہاں آتے ہیں اس لئے صحت کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے اور ترجیحی بنیادوں پر امراض قلب کا اسپتال قائم کیا گیا۔

بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت 6لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالا اور امراض قلب کے علاج کو عام آدمی کی دسترس میں پہنچایا، مہنگے علاج کرانے پر سندھ میں ایک روپیہ بھی نہیں لگتا، گزشتہ 3 برس میں این آئی سی وی ڈی کی صورتحال میں بہت تبدیلی آئی ہے اور آج یہ اسپتال دنیا میں امراض قلب کا سب سے بڑا اسپتال ہے، دنیا بھر میں صرف ڈھائی سو سائبر نائف مشین ہیں جن میں سے ایک سندھ میں بھی ہے۔

چئیرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت نے جو کام کئے ان کی مثال نہیں ملتی لیکن پھر بھی کہا جاتا ہے کہ صوبائی حکومت نے کچھ نہیں کیا، میں کہتا ہوں کہ  پاکستان کی آزادی کے بعد اگر انسانوں کی ترقی کے لیے کسی نے کام کیا تو وہ صرف پیپلزپارٹی ہے، سیاسی یتیموں کےٹولے نے تو صرف من پسند وزیروں، مشیروں اور پیٹ پرستوں کی بھرتی کی اس کے علاوہ ان کے حصے میں کچھ نہیں آیا، شہباز شریف نے لاہور میں ایک نامکمل اسپتال کا افتتاح کیا جس پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ اس نامکمل اسپتال کو بھی  پیپلزپارٹی ہی مکمل کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں بہت کام ہوئے لیکن اس کے باوجود آج بھی مسائل ہیں جس کا اعتراف کرتے ہیں لیکن ان کے حل کے لیے ہماری نیت پر شک نہیں کیاجاسکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔