اشتہارات میں سڑکیں بنانے سے قومیں نہیں بنتیں ، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعـء 12 جنوری 2018

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کا کہنا ہےکہ شریف برادران عوام کو گمراہ کرتے ہیں اشتہارات میں سڑکیں بنانے سے قومیں نہیں بنتیں۔

پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جو کچھ حاصل کیا گیا وہ کسی صوبے میں حاصل نہیں کیا گیا، شریف برادران  صرف عوام کو گمراہ کرتے ہیں اشتہارات میں سڑکیں بنانے سے قومیں نہیں بنتیں۔ قومیں تعلیمی اداروں سے بنتی ہیں۔ پشاور میں پولیس کا کام بہترین ہے۔ شریف برادران 19 سال سے حکومت میں ہیں لیکن وہاں پولیس کی حالت دیکھیں۔ عوام پنجاب پولیس پر اعتماد نہیں کرتی۔ خیبر پختونخوا میں ہم آئی جی میرٹ پر لائے ہیں، میرٹ وہاں ہوتی ہے جہاں ادارے مضبوط ہوتے ہیں، سسٹم کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔مجھے خیبر پختونخوا  کی پولیس دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عمران  سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آگیا

عمران خان نے کہا کہ اگلے سیزن میں خیبرپختونخوا میں سیاحت کے 4 مقامات کھولیں گے جب کہ ہر سال نئے ریسٹورنٹ سیاحت کے لیے کھولیں جائیں گے۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے وسائل سے مالا مال کیا ہے ہم نے سیاحت میں کام کیا تو اس سال سب سے زیادہ سیاح آئے۔ لوگوں کو پاکستان کا پتہ ہی نہیں کہ یہ کتنا خوبصورت ملک ہے گزشتہ ایک سال کے دوران سیاحت کے شعبے میں بہت زیادہ کام ہوا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ڈیرہ اسماعیل خان میں لڑکی سے زیادتی کے 11 میں سے 10 ملزم گرفتار کیے ، اگر بیورو کریسی کو ترغیب دی جائے تو وہ کام کرسکتی ہے جو نجی ادارے نہیں کرسکتے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : عمران خان نااہلی کیس میں غیر مصدقہ دستاویزات

عمران خان نے کہا کہ گدھے کی کھال پر لکیریں ڈالنے سے وہ زیبرا نہیں بن جاتا، سب سے بڑی غلامی ذہنی غلامی ہوتی ہے جو انسان پہلے ہی یہ سوچ لے گا کہ میں ہارجاؤں گا تو وہ کس طرح جیت سکتا ہے۔ آزاد ذہن ہی آزاد سوچ رکھتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔