ملکی ترقی کے لیے سیاسی استحکام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وزیر داخلہ

ویب ڈیسک  جمعـء 12 جنوری 2018
کامیابی کے لیے ایک جامع حکمت عملی اختیار کرنی ہوگی، احسن اقبال، فوٹو : فائل

کامیابی کے لیے ایک جامع حکمت عملی اختیار کرنی ہوگی، احسن اقبال، فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہمیں محاذ آرائی سے گریز کرنا ہوگا کیوں کہ ملکی ترقی کے لیے سیاسی استحکام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وفاقی  وزیر داخلہ احسن اقبال کی زیر صدارت قومی داخلی سلامتی پالیسی 23۔ 2018ء سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، انسداد دہشت گردی فورس کے حکام، صوبائی محکمہ داخلہ، ایچ ای سی اور وزارت داخلہ کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک میں امن و استحکام قائم کرکے اسے ترقی کی جانب گامزن کردیا ہے، ٹیکنالوجی کے انقلاب کے ساتھ خطرات کی نوعیت تبدیل ہورہی ہے لیکن امن و سلامتی کو درپیش نئے اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنی استعداد کو بہتر بنانا ہوگا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیں محاذ آرائی سے گریز کرنا ہوگا کیوں کہ ملکی ترقی کے لیے سیاسی استحکام انتہائی اہمیت کا حامل ہے ہمیں ترقی کے ثمرات سمیٹنے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے اور کامیابی کے لیے ایک جامع حکمت عملی اختیار کرنی ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔