فریج کا سامان دیکھ کر مختلف پکوان میں مدد دینے والی مفت ایپ

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 جنوری 2018
یملی ایپ کے ذریعے آپ اپنے کچن کی اشیا کو اسکین کرکے انہیں استعمال کرتے ہوئے مزیدار کھانوں کے مشورے حاصل کرسکتے ہیں۔ فوٹو: بشکریہ یملی ٹو

یملی ایپ کے ذریعے آپ اپنے کچن کی اشیا کو اسکین کرکے انہیں استعمال کرتے ہوئے مزیدار کھانوں کے مشورے حاصل کرسکتے ہیں۔ فوٹو: بشکریہ یملی ٹو

لاس ویگاس: پاکستان کے اکثر گھروں میں صبح یہی سوال گونجتا ہے کہ آج کیا پکایا جائے؟ اب اس کا حل ایک ایپ میں پیش کردیا گیا ہے جسے مفت میں ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

اس ایپ کا نام یملی  2.0 ہے جو فریج کی اشیا دیکھ کر اپنے ڈیٹا بیس کو چیک کرتی ہے اور ان اجزا کی مدد سے  فوری اور بہترین پکوان اور کھانوں کا مشورہ دیتی ہے۔ بس ایپ کھول کر آپ کو کیمرے سے کھانے پینے کی اشیا اسکین کرانی ہوتی ہیں بقیہ کام یہ ایپ کرتی ہے۔ ایپ غذائی احتیاط اور تدابیر کا خیال رکھتے ہوئے اس کا بہترین مشورہ دیتی ہے۔

اگر آپ کو کھانا پکانا نہیں آتا تو یہ ایپ اس کی مرحلہ وار ترکیب بھی بیان کرتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ اوون کو پہلے سے گرم بھی کرسکتی ہے اور کھانا تیار کرنے پر آپ کو اس کی اطلاع بھی دیتی ہے۔ یہ ایپ گھریلو اشیا بنانے والی کمپنی ورل پول نے تیارکی ہے جو اس کے آلات کے ساتھ کام کرتی ہے لیکن کھانے کا مشورہ دیتے وقت ضروری نہیں کہ اسے  کمپنی کے اوون میں پکایا جائے۔

آپ کسی بھی اینڈرائڈ فون پر یہ ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے باورچی خانے یا فریج میں موجود اشیا کی تصویر کھینچ کر اس سے مزیدار کھانے بنانے کا مشورہ لے سکتے ہیں۔ ایپ باورچی خانے کی مختلف اشیا دیکھ کر انہیں شناخت کرلیتی ہے اور ان سے بننے والے کھانے کا مشورہ دیتی ہے۔ اب آپ جو پسند فرمائیں وہ کھانا پکاسکتے ہیں اور اس کی ریسپی اور بنانے کی ترکیب بھی ایپ ہی فراہم کرتی ہے۔

ایپ کھانے کی غذائی معلومات کو بھی ظاہر کرتی ہے جو اسکرین کے درمیان ایک دائرے میں دکھائی دیتی ہے۔ ایپ نیچرل لینگویج پروسیسنگ کے تحت کھانے کی اشیا پہچانتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔