انڈر 19 ورلڈ کپ، لٹل اسٹارز عالمی افق پر جگمگانے کیلیے تیار

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 13 جنوری 2018
حالیہ فارم نے2بار کی چیمپئن پاکستانی ٹیم کو بھی فیورٹس کی صف میں شامل کرا دیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

حالیہ فارم نے2بار کی چیمپئن پاکستانی ٹیم کو بھی فیورٹس کی صف میں شامل کرا دیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کرائسٹ چرچ: لٹل اسٹارز عالمی افق پر جگمگانے کیلیے تیار ہیں تاہم ہفتے سے نیوزی لینڈ میں شیڈول انڈر 19 ورلڈ کپ میں16 ٹیمیں ٹائٹل پانے کا عزم لیے برتری کی جنگ لڑیں گی۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں انٹری کیلیے جونیئر ورلڈ کپ کو ایک دروازہ خیال کیا جاتا ہے، میگا ایونٹ میں عمدہ کارکردگی سے گہرا تاثر چھوڑنے والے کئی نوجوان کرکٹرز سپر اسٹارز بنے، ان میں انضمام الحق، سرفراز احمد، ویرات کوہلی، یوراج سنگھ، کین ولیمسن، کوئنٹن ڈی کاک اور دیگر درجنوں نامور کرکٹرز شامل ہیں، دنیا بھر سے آنے والے جونیئر کھلاڑی اس بار نیوزی لینڈ میں جگمگانے کیلیے تیار ہیں، مجموعی طور پر 16 ٹیمیں عالمی انڈر 19ٹائٹل پانے کا عزم لیے برتری کی جنگ لڑیںگی۔

پاکستانی وقت کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب شروع ہونے والے میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر 48 میچز کھیلے جائیں گے، انٹرنیشنل کرکٹ میں انٹری کے منتظر نوجوان کرکٹر 22روز تک دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز بنے رہیں گے۔ جونیئر ورلڈ کپ میں ٹیموں کو 4گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

’’اے‘‘ میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور کینیا، ’’بی‘‘ میں آسٹریلیا، بھارت، زمبابوے، پاپوا نیوگنی، ’’سی‘‘  میں انگلینڈ، بنگلہ دیش، کینیڈا، نمیبیا جبکہ گروپ ڈی میں 2 بار کی چیمپئن پاکستانی ٹیم کے ساتھ سری لنکا، افغانستان اور آئر لینڈ شامل ہیں، افتتاحی روز واہنگیری میں گرین شرٹس اور افغانستان کا میچ شیڈول تھا، کرائسٹ چرچ کے لنکولن اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور نمیبیا جبکہ ٹورانڈا میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور میزبان کیویز کو آمنے سامنے ہونا تھا۔

کرائسٹ چرچ کے لنکولین نمبر 3 میں زمبابوے اور پاپوانیوگنی کا میچ شیڈول کیا گیا، یاد رہے کہ پاکستان، ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں فل ممبر ہونے کی حیثیت سے میگا ایونٹ کا حصہ بنی ہیں، نمیبیا نے ورلڈ کپ 2016 میں سب سے بہتر ایسوسی ایٹ ٹیم کا درجہ پانے کی وجہ سے جگہ بنائی۔

افغانستان ایشیا کپ کا فاتح، کینیا افریقی چیمپئن، کینیڈا امریکاز انڈر 19 کا فاتح،آئر لینڈ یورپی چیمپئن اور پاپوا نیوگنی ایسٹ ایشیا پیسیفک ٹائٹل کا حقدار ہونے کی حیثیت سے جونیئر ورلڈ کپ کا حصہ بنا۔

اس موقع پر تمام ٹیموں کے کوچز نے اپنی تیاریوں اور عزائم کا اظہار کیا، سب نے امید ظاہر کی کہ انھیں میگا ایونٹ سے مستقبل کے اسٹارز حاصل ہونگے۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کوچ منصور رانا نے کہاکہ گرین شرٹس جونیئر ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلیے پُرعزم ہیں، ماضی میں بھی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی ہے،اس بار بھی چیلنجز کا سامنا کرنے کیلیے تیار اور پُراعتماد ہیں۔

منصور رانا نے کہا کہ میگاایونٹ کیلیے قبل از وقت پہنچ کر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں سیریز کھیلنے کا فائدہ ہوا،کھلاڑی مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو چکے، پچز کا مزاج بھی سمجھ گئے ہیں، ٹیم بارش کی وجہ سے ایک وارم اپ میچ نہیں کھیل پائی تاہم نیٹ میں بھرپور مشقوں سے صلاحیتیں نکھارنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے گرین شرٹس عمدہ کارکردگی سے ٹائٹل کے مضبوط امیدواروں میں شامل ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔