ٹرمپ کے گالی دینے پر افریقی ممالک برہم، معافی مانگنے کا مطالبہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 جنوری 2018
اقوام متحدہ نے بھی افریقی ممالک سے متعلق ٹرمپ کے الفاظ کو شرمناک قرار دیدیا فوٹو: فائل

اقوام متحدہ نے بھی افریقی ممالک سے متعلق ٹرمپ کے الفاظ کو شرمناک قرار دیدیا فوٹو: فائل

 واشنگٹن: افریقی ممالک کی تنظیم نے گالی دینے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واشنگٹن میں افریقین یونین کے ترجمان نے شدید صدمے اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہ ٹرمپ حکومت نے افریقی باشندوں کو غلط سمجھا ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی افریقی ممالک سے متعلق ٹرمپ کے الفاظ کو نسل پرست اور شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے الفاظ صدمے کا باعث ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر کے ترجمان روپرٹ کالویل نے کہا کہ ٹرمپ کے بیان سے بہت سے لوگوں کی زندگیاں تباہ ہوجائیں گی، ٹرمپ نے جو کہا وہ نسل پرستی کے سوا کچھ نہیں،آپ تمام ممالک اور پورے براعظم کو گالی دے کر ایک ہی لاٹھی سے نہیں ہانک سکتے۔

گزشتہ دنوں امریکی میڈیا نے خبر دی تھی کہ ٹرمپ نے امیگریشن سے متعلق بند کمرہ اجلاس میں براعظم افریقہ کے لیے ایک بیہودہ لفظ استعمال کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم کیوں ان ممالک کے لوگوں کو اپنے ہاں بلارہے ہیں۔ تاہم دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے افریقہ کو گالی دینے کی تردید کرتے ہوئے کہ مجھ سے منسوب الفاظ درست نہیں، میں نے کچھ اور الفاظ استعمال کیے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔