فاٹا اصلاحات حقوق کے حصول میں پہلا قدم ہے، اسفند یار ولی

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 جنوری 2018
عوامی نیشنل پارٹی قبائلی عوام کے حقوق کے لئے ان کے شانہ بشانہ رہے گی، اسفند یار ولی . فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی قبائلی عوام کے حقوق کے لئے ان کے شانہ بشانہ رہے گی، اسفند یار ولی . فوٹو: فائل

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے فاٹا اصلاحات سے متعلق بل کی منظوری پر قبائلی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اسے عوام کے حقوق کے حصول کی جانب پہلا قدم قرار دیا ہے۔

اسفند یار ولی نے اپنے ایک بیان میں فاٹا کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ فاٹا بل کی منظوری قبائلی عوام کے حقوق کے حصول کی جانب پہلا قدم ہے، امید ہے مستقل میں فاٹا خیبرپختونخوا کا حصہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال سے فاٹا میں کالا قانون نافذ تھا اور فاٹا کے لوگوں کی زندگی بدتر تھی جب کہ افغان جنگ میں سب سے زیادہ نقصان فاٹا کا ہوا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :فاٹا تک سپریم کورٹ اورہائیکورٹ کا دائرہ کاربڑھانے کا بل منظور

اسفند یارولی نے کہا کہ سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ اختیار قبائلی علاقوں تک بڑھانا فاٹا کا احساس محرومی دور کرنے کی جانب پہلا قدم ہے جب کہ ہماری اصل منزل فاٹا کا صوبے میں انضمام ہے اور ہم اپنی منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے، عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پختونوں کے اتحاد کے لیے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی قبائلی عوام کے حقوق کے لیے ان کے شانہ بشانہ رہے گی۔

اے این پی کے صدر کا مزید کہنا تھا این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کو ملنے والے حصے کے لیے فنڈز کا بھی فوری انتظام کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔