اماراتی سفیر نے بیوہ پھل فروش کو حیرت زدہ کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 جنوری 2018
اماراتی سفیر نے عام سا گاہک بن کر فروٹ کی خریداری کی، فوٹو: یواے ای ایمبیسی ٹوئٹر

اماراتی سفیر نے عام سا گاہک بن کر فروٹ کی خریداری کی، فوٹو: یواے ای ایمبیسی ٹوئٹر

 اسلام آباد: پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر نے اسلام آباد میں پھل فروش بیوہ خاتون کی مدد کرکے اسے حیرت زدہ کردیا۔

چند روز قبل  خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی کے اسپیکر جلال شیرازی نے ٹوئٹر پر ایک تصاویر کے ساتھ ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ’اس خاتون کا نام یاسمین ہے اور اس کا شوہر انتقال کرچکا ہے، اس کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے جو اسکول میں پڑھتے ہیں، بچوں کو پالنے کے لیے اس خاتون کے پاس پھل فروشی کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے‘۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ٹوئٹ پر صارفین نے اظہار ہمدردری کرتے ہوئے خاتون کی مالی معاونت کا عزم کیا ساتھ ہی اسلام آباد میں واقع یو اے ای کے سفارت خانے نے بھی ٹوئٹ کا نوٹس لیا اور پاکستان میں تعینات اماراتی سفیر حماد الزعبی بغیر پروٹوکول کے ایک عام سے خریدار بن کر کے خاتون کے ٹھیلے پر پہنچ گئے اور فروٹ کی خریداری کی۔

خاتون اس وقت خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئی جب اسے بتایا گیا کہ یہ کوئی عام پاکستانی شخص نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات کا سفیر ہے جو اظہاریکجہتی اور مدد کے لیے خصوصی طور پر آپ سے خریداری کے لیے آیا ہے۔

اماراتی سفیر نے خاتون پھل فروش کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں جو بعد ازاں یو اے ای سفارت خانے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر شیئر کیں تو صارفین نے اس اقدام کو خوش کن قرار دیتے ہوئے اماراتی سفیر کی تعریف کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔