محکمہ ڈاک بینکاری خدمات بھی فراہم کرے گا

حسیب حنیف  منگل 16 جنوری 2018
10علاقوں میں منصوبہ3ماہ آزمائشی طورپرچلے گا،کامیابی پرتوسیع دی جائے گی،ذرائع۔ فوٹو: فائل

10علاقوں میں منصوبہ3ماہ آزمائشی طورپرچلے گا،کامیابی پرتوسیع دی جائے گی،ذرائع۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد:  محکمہ ڈاک نے بینکاری خدمات کی فراہمی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

محکمہ ڈاک نے ملک کے دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں بینکاری خدمات کی فراہمی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے نجی بینک کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم اویو) کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، پہلے مرحلے میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر یہ منصوبہ 10علاقوں تک محدود ہوگا جسے بعد میں ملک بھر میں توسیع دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان پوسٹ اسٹیٹ بینک کی قومی مالیاتی شمولیتی حکمت عملی کے تحت یہ منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ نجی بینک سے معاہدے کے تحت دوردراز کے علاقوں میں جہاں لوگوں کو بینکاری سہولتیں نہیں وہاں ڈاک خانوں میں خصوصی بینکنگ کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے جبکہ دوسری جانب جن علاقوں میں ڈاک کی سہولتیں نہیں وہاں مذکورہ نجی بینک پاکستان پوسٹ کے کاؤنٹر قائم کرکے لوگوں کو ان سہولتوں کی فراہمی میں کردار ادا کر ے گا۔

واضح رہے کہ اس منصوبے کے تحت پاکستان پوسٹ کو ریونیو جنریشن میں اضافہ ہو گا اور محکمہ ڈاک نجی بینک کے سپرایجنٹ کا کردار ادا کرتے ہوئے کمیشن چارج کر ے گا۔

ذرائع کے مطابق پائلٹ پروجیکٹ کا دورانیہ 3 ماہ ہوگا، پاکستان پوسٹ اور نجی بینک ایک دوسرے کی مصنوعات کو بھی اپنے اداروں کے ذریعے مشتہر کریں گے جب کہ پاکستان پوسٹ نے خسارہ کم کرنے کیلیے یہ جوائنٹ وینچر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔