اسکریپ کلیئرنس، 1.67 کروڑ کی ٹیکس چوری بے نقاب

احتشام مفتی  منگل 16 جنوری 2018
سی آئی یوعملے نے آئرن واسٹیل اسکریپ کے ڈیٹاکی جانچ میںغلط بیانی پکڑی،ذرائع۔ فوٹو : فائل

سی آئی یوعملے نے آئرن واسٹیل اسکریپ کے ڈیٹاکی جانچ میںغلط بیانی پکڑی،ذرائع۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  پاکستان کسٹمز پورٹ قاسم کلکٹریٹ نے آئرن، اسٹیل اسکریپ کی کلیئرنس میں مس ڈیکلریشن کے ذریعے 1 کروڑ67 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی کسٹمز ڈیوٹی وٹیکس چوری بے نقاب کر کے 23 لاکھ 61 ہزار820 روپے وصول کرلیے جبکہ باقی واجبات کی ریکوری کے لیے کوششیں جاری ہے۔

ذرائع نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایاکہ کلکٹر پورٹ قاسم سعید اکرم کی ہدایت پر کلکٹریٹ کے شعبہ سی آئی یومیں تعینات پرنسپل اپریزر شاہد رضوی، اپریزنگ آفیسر انور زیب نے آئرن اینڈ اسٹیل اسکریپ کے متعدد درآمدکنندگان کے کنسائمنٹس کے ڈیٹا کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جس میں نشاندہی ہوئی کہ کنسائمنٹس کلیئرنس میں ریونیو کی مد کم ادائیگیوں کی غرض سے مس ڈیکلریشن کی گئی ہے۔

ان درآمد کنندگان  میں میسرز ڈائمنڈ میٹل، میسرز جی ایم بی اسٹیل فرنس، میسرز لاہور اسٹیل، میسرز وقاص اسٹیل فرنس، میسرز ایم ایس انٹرپرائزز، میسرز فاسٹ سنتھیٹک، میسرز ملک اسٹیل ری رولنگ ملز، میسرز اے ایچ اینڈکو شامل ہیں جن کے  کنسائمنٹس کی کلیئرنس مس ڈیکلریشن کے ذریعے ہونے سے قومی خزانے کو مجموعی طوپر پر 1 کروڑ 67 لاکھ 24 ہزار روپے کی کسٹمز ڈیوٹی و دیگر ٹیکسوں کی مد میں نقصان پہنچایا گیا۔

اس نشاندہی کے بعد پورٹ قاسم کلکٹریٹ کی جانب سے مذکورہ درآمدکنندگان کو ڈیوٹی وٹیکسز کی کم ادائیگیوں کی تفصیل کے ہمراہ مطلوبہ ادائیگیوں کے نوٹسزجاری کیے گئے جس پر میسرز ڈائمنڈ میٹل، میسرزجی ایم بی اسٹیل فرنس، میسرز لاہور اسٹیل، میسرز وقاص اسٹیل فرنس، میسرز ایم ایس انٹرپرائزز، میسرز فاسٹ سنتھیٹک کی جانب سے محکمہ کسٹمز کو چوری شدہ ریونیو کی مد میں 23 لاکھ 61 ہزار820 روپے کی ادائیگیاں کر دی گئیں لیکن باقی ماندہ درآمد کنندگان میسرز ملک اسٹیل ری رولنگ ملز، میسرز اے ایچ اینڈ کو اور مسیرز جی ایم بی اسٹیل فرنس کی جانب سے 1 کروڑ43 لاکھ 62 ہزارروپے مالیت کی ادائیگیاں نہیں کی گئی ہیں جس کی ریکوری کیلیے کوششیں جاری ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔