جرمنی میں اسکول بس کو حادثہ، 43 بچوں سمیت 48 زخمی

ویب ڈیسک  منگل 16 جنوری 2018
دس ایمبولینسوں اور 3 ہیلی کاپٹرز کی مدد سے زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، فوٹو:انٹرنیٹ

دس ایمبولینسوں اور 3 ہیلی کاپٹرز کی مدد سے زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، فوٹو:انٹرنیٹ

برلن: جرمنی میں بچوں سے بھری اسکول بس گاڑیوں سے ٹکرانے کے بعد عمارت کی دیوار میں جا گھسی، حادثے کے نتیجے میں 43 بچوں سمیت 50 کے قریب افراد زخمی ہوگئے۔

جرمن میڈیا کے مطابق حادثہ ملک کے جنوب مغربی علاقے ایبربیچ میں صبح سویرے پیش آیا جہاں بچوں کو اسکول لے جاتے ہوئے بس بے قابو ہوکر ایک ریسٹورنٹ سے ٹکراگئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ترکی میں اسکول بس کو حادثہ، طلبا سمیت 14 افراد ہلاک

پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں جب کہ حادثے  کے نتیجے میں 48 افراد زخمی ہوئے جن میں 43 بچے شامل ہیں جو معمول کے مطابق بس میں اسکول جارہے تھے۔ زخمیوں میں 10 افراد کو شدید چوٹیں آئیں جن کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جب کہ 10 ایمبولینسوں اور 3 ہیلی کاپٹرز کی مدد سے زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی بس ڈرائیور حادثے کے حوالے سے فی الحال بیان دینے کے قابل نہیں اس لیے حادثے کی فوری وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔