كولن ڈی گرینڈ ہوم نے شاندار بیٹنگ كرتے ہوئے میچ یكطرفہ بنا دیا، مکی آرتھر

اسپورٹس رپورٹر  منگل 16 جنوری 2018
ہم پوری سیریز میں  اچھی كركٹ نہیں كھیل سكے لیكن ہیملٹن میں كئی مثبت پہلو نظر آئے، مکی آرتھر ۔ فوٹو: فائل

ہم پوری سیریز میں اچھی كركٹ نہیں كھیل سكے لیكن ہیملٹن میں كئی مثبت پہلو نظر آئے، مکی آرتھر ۔ فوٹو: فائل

 لاہور: قومی کرکٹ ٹیم ہیڈ كوچ مكی آرتھر نے كہا ہے كہ چوتھے ون ڈے میچ میں پاكستانی كركٹرز نے سخت محنت كی لیكن كولن ڈی گرینڈ ہوم نے شاندار بیٹنگ كرتے ہوئے میچ یكطرفہ بنا دیا۔

مکی آرتھر نے کہا ہے کہ اگرچہ ہم پوری سیریز میں  اچھی كركٹ نہیں كھیل سكے لیكن ہیملٹن میں كئی مثبت پہلو نظر آئے، ابتدائی 2 وكٹیں جلد گرنے كے باوجود فخر زمان نے تحمل مزاجی كا مظاہرہ كرتے ہوئے ففٹی بنائی، بعد ازاں  حارث سہیل اور سرفراز احمد نے بھی ذمہ دارانہ كھیل كا مظاہرہ كیا، محمد حفیظ نے نہ صرف اننگز آگے بڑھائی بلكہ آخر تک بیٹنگ كرتے ہوئے جس موقع پر ضرورت تھی جارحانہ كھیل كا مظاہرہ بھی كیا، مجموعی طور پر ایک اچھی كوشش كرتے ہوئے پاكستان نے 263 كا معقول ہدف دیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :سرفراز احمد نے شکست کو مایوس کن قرار دیدیا

قومی ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ كنڈیشنز كے مطابق ایک اچھا آف اسپنر نیوزی لینڈ كی مہم كمزور كرسكتا تھا لیكن بدقسمتی سے شعیب ملک كے سر پر چوٹ لگ گئی، ان 10 اوورز كا گرین شرٹس كو كافی نقصان ہوا، حارث سہیل اور شاداب خان نے درمیانی اوورز میں  بہترین بولنگ كا مظاہرہ كرتے ہوئے كیویز كو كھل كر نہیں كھیلنے دیا لیكن آخر میں  كپتان سرفراز احمد كے پاس زیادہ آپشن نہیں  تھے جب کہ كولن ڈی گرینڈ ہوم نے جس طرح كی حیران كن بیٹنگ كا مظاہرہ كیا، كوئی ٹیم بھی مشكل میں آ سكتی تھی۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ كیویز كی اننگز میں سخت محنت كے بعد جیت كی امیدیں  نظر آنے لگی تھیں لیكن آل راؤنڈر نے بے بس كر دیا، تمام تر مایوسیوں كے بعد ہیملٹن میں كم از كم چند مثبت پہلو نظر آئے ہیں، ان میں  سے اہم ترین یہ ہے كہ پہلی بار اپنی ہوم كنڈیشنز كے باوجود میزبان كیویز بھی میچ میں كئی مواقع پر دباؤ كا شكار نظر آئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔