جاپان میں غلطی سے شمالی کوریا کے میزائل حملے کا الرٹ جاری

ویب ڈیسک  منگل 16 جنوری 2018
جاری الرٹ میں حکومت کی طرف سے تمام شہریوں کو حفاظتی اقدام کے طور پر عمارات کے اندرونی حصوں میں رہنے کا حکم دیا گیا، فوٹو: فائل

جاری الرٹ میں حکومت کی طرف سے تمام شہریوں کو حفاظتی اقدام کے طور پر عمارات کے اندرونی حصوں میں رہنے کا حکم دیا گیا، فوٹو: فائل

ٹوکیو: جاپان میں سرکاری ٹی وی نے غلطی سے شمالی کوریا کے میزائل حملے کا الرٹ جاری کردیا جس کے بعد جاپان بھر میں ہلچل مچ گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپانی سرکاری چینل نے شمالی کوریا کے میزائل حملے سے متعلق غلطی سے ایک ایسا الرٹ جاری کردیا جس نے پورے جاپان میں ہلچل مچادی جب کہ الرٹ میں نہ صرف حملے سے متعلق بتایا گیا بلکہ شہریوں کو فوری طور پر پناہ گاہ تلاش کرنے کا بھی کہا گیا۔

واقعہ اُس وقت رو نما ہوا جب جاپانی چینل این ایچ کے کی جانب سے انٹرنیٹ پر اپنی ویب سائٹ اور سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر غلطی سے پیغام جاری کردیا گیا کہ ایسا لگتا ہے کہ شمالی کوریا نے جاپان پر میزائل فائر کردیا ہے اور حکومت کی جانب سے تمام شہریوں کو حفاظتی اقدام کے لیے عمارات کے اندرونی حصوں میں رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

بعد ازاں جاپانی ٹی وی نے کچھ دیر بعد ہی نہ صرف ٹوئٹر اور ویب سائٹ سے اپنی خبر کو ہٹادیا بلکہ اپنے شہریوں سے کئی بار غلطی پر معذرت کی اور کافی دیر تک ٹی وی اور انٹرنیٹ پر معافی مانگتے رہے۔ معذرت کرتے ہوئے ٹی وی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ میسج ایک غلطی ہے اور  ہمیں اس بات کا بہت افسوس ہے۔

واضح رہے کہ جاپانی سرکاری چینل کی جانب سے جاری یہ غلط پیغام عین اُس وقت جاری کیا گیا جب ایک دن پہلے ہی ایک سرکاری ادارے کی جانب سے غلطی سے شمالی کوریا کے حملے کی خبر موبائل فون کے ذریعے پوری ریاست میں بھیج دی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔