ورلڈ الیون سے ہاکی میچ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 17 جنوری 2018
کھلاڑیوں کی کل تک آمد کا سلسلہ مکمل ہونے کے بعد جمعے کو مقابلہ ہوگا،پی ایچ ایف نائب صدر فوٹو:فائل

کھلاڑیوں کی کل تک آمد کا سلسلہ مکمل ہونے کے بعد جمعے کو مقابلہ ہوگا،پی ایچ ایف نائب صدر فوٹو:فائل

 کراچی: قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے کوشاں پی ایچ ایف کے تحت ورلڈ الیون اور پاکستان ہاکی ٹیم کے درمیان پہلا میچ جمعے کوکراچی میں کھیلا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عبدالستارہاکی اسٹیڈیم کی بلوٹرف پر شیڈول اس میچ کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے جبکہ میچ کے موقع پر اپنے دور کے معروف غیرملکی اور قومی کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے بھی نوازا جائے گا۔ میچ میں شرکت کیلیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، قومی فیڈریشن نے کے ایچ اے کومکمل طور پرنظراندازکردیا، ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان دوسرا میچ اتوارکو لاہور کے نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ جمعے کوکراچی میں شیڈول میچ کے لیے پی ایچ ایف نے غیر ملکی کھلاڑیوں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کر دیا تاہم چند کھلاڑیوں کی آمد مشکوک ہے، پاکستان کے سہیل عباس بھی ورلڈ الیون میں شامل ہونگے۔

ایونٹ کے حوالے سے ایچ ایف کے نائب صدر طارق ہدیٰ نے منگل کو منعقدہ پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کیا،اس موقع پر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین و سابق قومی کپتان اولمپئن اصلاح الدین ،ایم ذاکر، بدر رفاعی اور اولمپئن افتخار سید بھی موجود تھے، حیرت انگیزطور پر پی ایچ ایف کے صد بریگیڈیئر(ر) خالد کھوکھر اور سیکریٹری اولمپئن شہبازاحمد نے پریس کانفرنس میں شرکت سے اجتناب برتا، طارق ہدیٰ نے کہا کہ عالمی الیون کی پاکستان آمد ملک میں ہاکی کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

جن سابق عظیم کھلاڑیوں کو اس بارہال آف فیم میں شامل نہیں کیا گیا انھیں اگلی باراس اعزاز سے نوازا جائے گا، ابھی یہ سلسلہ شروع کیا گیا جسے پذیرائی دینے کی ضرورت ہے، ہال آف فیم میں پاکستان کے 6 جبکہ 5 غیرملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں ہالینڈ کے پال لجنٹز، جون بوویلنڈر،جرمنی کے کرسچیان بلانک،اسپن کے جان اسکارے اور آسٹریلوی پلیئر ڈون پرائر کے ساتھ پاکستان سے سابق قومی کپتان اولمپئنز اصلاح الدین ، سمیع اللہ، حسن سردار، شہناز شیخ ،اختر رسول اور شہباز سینئر شامل ہیں، پاکستان آنے والی ورلڈ الیون کے16 کھلاڑیوں میں ہالینڈ کے روب ریکسر، روڈرک ویوستھوف، میتجس بروور، ہیدی ترکسترا اور فلپ میولروبوک، نیوزی لینڈ کے فلپ برووراورکائل پونٹی فیکس،اسپین کے سانتی فریکسی، روک اولیوااور ڈیوڈ الگارے،آسٹریلیا کے گرانٹ شوبرٹ،جرمنی کے بینی ویس اور جسٹس شیروسکی،ارجنٹائن کے آگسٹن بوگالو، نیہول سالس اور ڈیاگو پاز شامل ہیں۔

پاکستان کے سہیل عباس بھی ورلڈ الیون کا حصہ ہونگے، اس موقع پر اولمپئن اصلاح الدین نے کہا کہ ورلڈ الیون کی آمد سے پاکستان میں انٹر نیشنل ہاکی کی راہیں ہموار ہونگی، بدر رفاعی نے بتایا کہ میچ کے حوالے سے انتظامات کوحتمی شکل دی جارہی ہے، ورلڈ الیون کی پاکستان آمد جمعرات کی صبح تک مکمل ہوجائیگی، شیڈول کے مطابق جمعرات کی شام ورلڈ الیون کے کھلاڑی ہلکی پھلکی پریکٹس میں حصہ لیں گے جس کے بعد وہ میڈیا سے بات چیت بھی کریں گے، دوپہر میں سرکاری لنچ کا اہتمام ہوگا، بعدازاں ہال آف فیم عشائیہ کی تقریب ہوگی۔

اگلے روزجمعہ کو گورنر سندھ سے ورلڈ الیون کی ملاقات ہوگی جبکہ شام کو عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں پہلے میچ سے قبل میوزیکل شو کے ساتھ ثقافتی شو کا اہتمام کیا جائیگا، بعد ازاں رات ساڑھے آٹھ بجے ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان فلڈ لٹ ہاکی میچ کھیلا جائے گا، اگلی صبح دونوں ٹیمیں لاہور روانہ ہوجائیں گی، جہاں دوسرا میچ اتوار کی شام نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلاجائے گا، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ میچ کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کو ممکن بنایا جائے گا، اس حوالے سے سندھ حکوت کے ساتھ کراچی انتظامیہ نے بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

طارق الہدیٰ نے کہا کہ ان کے علم میں نہیں کہ قومی فیڈریشن نے اس اہم میچ کے لیے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کواعتماد میں کیوں نہیں لیا اورکے ایچ اے کے ذمے داران سے فیڈریشن کے معاملات کیا ہیں، میچ کے لیے کم قیمت ٹکٹ رکھے گئے ہیں جن کی مالیت، 250،500 اور ہزار روپے ہوگی، دریں اثنا میچ کے سلسلے میں اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کو حتمی شکل دینے کا سلسلہ رات گئے تک جاری تھا، پی ایچ ایف نے اسٹیڈیم میں نئے باتھ رومز، ڈریسنگ روم اورہاسٹل کی عمارت کو بہتر بنایا ہے، ہاکی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ اس اہم میچ کے موقع پر منتظمین کے درمیان باہمی تعاون کا فقدان نظر آتا ہے جس کے اثرات میچ پر پڑ سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔