کابل، بھارتی سفارتخانے پرمیزائل حملہ، عمارت کو جزوی نقصان

خبر ایجنسیاں  بدھ 17 جنوری 2018
 حملوں میں دیگر شدت پسندوں کے بھی مارے جانے کی اطلاعات ہیں، افغان حکام
 : فوٹو : فائل

حملوں میں دیگر شدت پسندوں کے بھی مارے جانے کی اطلاعات ہیں، افغان حکام : فوٹو : فائل

کابل:  افغانستان میں بھارتی سفارتخانے کی حدود میں میزائل حملہ کیا گیاہے جس سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

افغانستان میں بھارتی سفارتخانے کی حدود میں میزائل حملے سے سفارتخانے کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا تاہم سفارتی عملہ محفوظ رہا، مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان دارالحکومت کابل کے انتہائی حساس علاقے ’’گرین زون ‘‘ میں بھارتی سفارتخانے پر میزائل حملہ کیا گیا جس میں بھارتی سفارتخانے کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ہے، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ میزائل حملے میں بھارتی سفارتخانے کا عملہ محفوظ رہا ہے۔

انھوں نے افغان حکومت سے سفارتخانے کی حفاظت بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا ہے، دوسری طرف افغانستان کے صوبے ننگرہار میں امریکی ڈرون حملوں میں داعش کے23 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

حملوں میں دیگر شدت پسندوں کے بھی مارے جانے کی اطلاعات ہیں، افغان فوجی حکام نے ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی ڈرون حملے آچن کے ضلع شیرزاد میں کیے گئے۔ افغان فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ضلع شیرزاد کے علاقے میں بھی امریکی ڈرون طیاروں نے حملہ کیا جس میں ہلاک ہونیوالے 2شدت پسندوں کی شناخت عثمان اور عباس کے نام سے ہوئی، افغان حکام کے مطابق ڈرون حملوں میں کوئی عام شہری یا سیکیورٹی فورسز کا اہلکار ہلاک نہیں ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔