قوم کی بیٹیوں کی عصمت دری اورقتل پرخاموش نہیں رہیں گے، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک  بدھ 17 جنوری 2018

قصور اور مردان میں پاکستان کی معصوم بیٹیوں پرظلم کے پہاڑ توڑے گئے، بلاول: فوٹو: فائل

قصور اور مردان میں پاکستان کی معصوم بیٹیوں پرظلم کے پہاڑ توڑے گئے، بلاول: فوٹو: فائل

 لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت قوم کی بیٹیوں کی عصمت دری اور قتل پر خاموش نہیں رہے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے مردان میں معصوم بچی عاصمہ کے ہولناک قتل کی شدید مذمت کی گئی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مردان میں معصوم بچی کا زیادتی کے بعد قتل گہناؤنا جرم ہے، قصور اور مردان میں پاکستان کی معصوم بیٹیوں پرظلم کے پہاڑ توڑے گئے، دونوں صوبوں کے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی ناقابل معافی ہے، پیپلز پارٹی قوم کی بیٹیوں کی عصمت دری اور قتل پر خاموش نہیں رہے گی اور ہمارا مطالبہ ہے کہ درندوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

واضح رہے کہ ضلع مردان میں مقامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ 4 دن قبل بے دردی سے قتل کی جانے والی 4 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ قصور میں چند روزقبل 8 سالہ بچی زینب کو اغوا اورزیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اسے قتل کردیا گیا تھا، بچی کی لاش کچرا کنڈی سے ملی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔