آئی سی سی ایوارڈز؛ حسن علی اور شاداب خان ایمرجنگ کیٹیگری میں نامزد

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 18 جنوری 2018
پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی فتح کو 2017کے بہترین لمحات میں شامل کیا گیا ہے۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی فتح کو 2017کے بہترین لمحات میں شامل کیا گیا ہے۔ فوٹو؛ فائل

 لاہور: آئی سی سی کے سالانہ ایوارڈز کا اعلان آج کیا جائے گا جب کہ پاکستان کے حسن علی اور شاداب خان ایمرجنگ کیٹیگری میں نامزد ہیں۔

آئی سی سی کے سالانہ ایورڈز کا اعلان آج ہونا ہے تاہم ایمر جنگ کیٹیگری میں اعزاز کے امیدواروں کی فہرست میں چیمپئنز ٹرافی کے ہیرو حسن علی اور ہم وطن لیگ اسپنر شاداب خان بھی شامل ہیں جب کہ دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ بھارتی اسپنر کلدیب یادیو اور انگلش بیٹسمین ڈیوڈ مالان کو بھی نامزد کیا گیا۔

ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کے امیدواروں کی فہرست میں بھی حسن علی کا نام موجود ہے جب کہ ان کا مقابلہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور افغانی اسپنر راشد خان کے ساتھ ہوگا۔

ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر کیلیے آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ اور اسپنر ناتھن لیون، بھارتی ویرات کوہلی، کیوی قائد کین ولیمسن، جنوبی افریقی پیسر کاگیسو ربادا اور انگلش بولر جیمز اینڈرسن کی نامزدگی ہوئی۔

بہترین بیٹسمین کا اعزاز پانے کے لیے جوئے روٹ مضبوط امیدوار ہیں، ٹی ٹوئنٹی پرفارمنس آف دی ایئر کیلیے راشد خان کا نام سرفہرست نظر آرہا ہے، اسپنر نے صرف 3رنز دے کر آئرلینڈ کی 5وکٹیں اڑا دی تھیں۔

ایسوسی ایٹ ٹیموں میں سے پلیئر آف ایئر کا ایوارڈ راشد خان کے نام ہوسکتا ہے، اسکاٹ لینڈ کے کپتان کائل کوئیٹزر اور آئرش ولیم پورٹر فیلڈ بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی فتح کو 2017کے بہترین لمحات میں شامل کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔