سلمان خان نے بھری عدالت میں شادی نہ کرنے کی وجہ بتادی

ویب ڈیسک  جمعرات 18 جنوری 2018
میرے اوپر سے کیسز ختم ہوجائیں گے تو شادی کے بارے میں ضرور سوچوں گا، سلمان خان؛ فوٹوفائل

میرے اوپر سے کیسز ختم ہوجائیں گے تو شادی کے بارے میں ضرور سوچوں گا، سلمان خان؛ فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کا شمار بھارت کے سب سے پرکشش کنواروں میں ہوتا ہے ان کے مداح جاننا چاہتے ہیں کہ آخر سلمان شادی کب کریں گے تاہم اب سلمان خان نے بھری عدالت میں اپنی شادی نہ کرنے کے راز سے پردہ اٹھادیا ہے۔

بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان 52 سال کے ہوچکے ہیں اور ابھی تک کنوارے ہیں ان کے گھر والوں اور پرستاروں کی شدید خواہش ہے کہ سلمان خان جلد سے جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں لیکن سلمان خان خود شادی کے بارے میں کیا کہتے ہیں اس حوالے سے انہوں نے پہلی بار بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین شو’’آپ کی عدالت‘‘میں کھل کر اپنا موقف بیان کیا۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان خان کے خلاف ایک اور مقدمے کی تیاری

دبنگ خان سے جب شو کے میزبان نے سوال کیا کہ وہ شادی کب کریں گے تو انہوں نے کہا کہ آپ میری نجی زندگی سے تو واقف ہیں، اس وقت مجھ پرعدالت میں دوکیسز چل رہے ہیں ایک جودھپور میں کالے ہرن کے غیرقانونی شکارکا کیس اور  دوسرا ممبئی ہٹ اینڈ رن کیس۔ سلمان نے امید ظاہر کی کہ انشا اللہ یہ دونوں کیسز ہم جیت جائیں گے لیکن  اگر میں نے ابھی شادی کرلی اورخدانخواستہ اگرمجھے سزا ہوگئی اور میں جیل چلا گیا تو کیا یہ میری بیوی کے ساتھ صحیح ہوگا کہ اس کا شوہر دو تین یا پانچ سال کے لیے جیل میں ہےاور میرا بچہ اس کے ساتھ، یہ ٹھیک ہوگا کہ وہ مجھ سے جیل میں ملنے آئے اور میں سلاخیں پکڑ کراس سے کہوں بیٹا کیسے ہو، ٹھیک ہو، پڑھ رہے ہو۔ لہٰذا میرا جیل جانا میری بیوی بچے اورآنے والی زندگی کے لیے بالکل بھی ٹھیک نہیں ہوگا اس لیے میں شادی نہیں کررہا۔

سلمان خان نے شادی کے حوالے سےامید ظاہر کی کہ جب ان کے اوپر سے یہ دونوں کیسز ختم ہوجائیں گے تو وہ شادی کے بارے میں ضرور سوچیں گے اور اگر انہیں سزا ہوگئی تو جیل سے آنے کے بعد سوچیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  سلمان خان پر شوٹنگ کے دوران حملہ

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے مقبول اداکار سلمان خان کی زندگی دور سے جتنی کامیاب نظر آتی ہے قریب سے دیکھنے پر اتنی ہی مشکلات کا شکار ہے۔ حال ہی میں ان پر فلم کی شوٹنگ کے دوران چند نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ ہوا تھا جب کہ گزشتہ کئی برسوں سے وہ مختلف کیسز میں عدالتوں کے چکر لگارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔