شریف خاندان نے اپنے ملازموں کے ذریعے منی لانڈرنگ کرائی، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعرات 18 جنوری 2018
’مجھے کیوں نکالا‘ کی آج اس کی دوسری قسط پیش کررہا ہوں، چیرمین تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل

’مجھے کیوں نکالا‘ کی آج اس کی دوسری قسط پیش کررہا ہوں، چیرمین تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان نے اپنے ملازموں اور نوکروں کے زریعے منی لانڈرنگ کی ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما کے بعد انکشاف ہوا کہ شریف خاندان کی 16 کمپنیاں ہیں، شریف خاندان نے منی لانڈرنگ کا پورا انتظام کررکھا تھا اور 99 کے بعد سے ان کے اثاثوں میں تیزی سے اضافہ ہوا، حدیبیہ پیپز ملز بھی منی لانڈرنگ کے لیے بنائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کل جو ڈرامہ چل رہا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، آج اس کی دوسری قسط پیش کررہا ہوں، انہوں نے دبئی میں کمپنی بنائی ہوئی تھی، یہاں سے پیسہ وہاں بھیجتے تھے اور پھر وہاں سے آگے جاتا تھا، ہل میٹل کمپنی نے 116 کروڑ نواز شریف اور 80 کروڑ مریم نواز کے نام کیے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پارلیمنٹ کے لیے ’’لعنت‘‘ کا لفظ بہت چھوٹا ہے، عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے اپنے ملازموں اور نوکروں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی، یہ لوگ پنجاب پولیس کے کانسٹیبلز کے ذریعے منی لانڈرنگ کراتے رہے، انہوں نے جاتی امرا کے ڈرائیور پنوں سے 5 کروڑ ایک شخص کو بھجوائے جب کہ نواز شریف کے ڈرائیور نے 18 کروڑ روپے بھیجے، ہم منی لانڈرنگ کے تمام ثبوت نیب کو دیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف اور نواز شریف جیسے لوگوں نے اسمبلی تباہ کی، دنیا میں کونسی اسمبلی عدالت میں جھوٹ بولنے اور قوم کو لوٹنے والے کو پارٹی کا سربراہ بنانے کے لیے قانون بناتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  خواجہ آصف سے بڑا جھوٹا آدمی کوئی نہیں، خواجہ آصف دبئی میں کمپنی میں کام کررہے ہیں اور 16 لاکھ روپے تنخواہ ہے، ان کے اکاؤنٹس سے پیسہ ان کی بیوی کے اکاؤنٹس میں جاتاہے جب کہ جس آدمی کے باہر بینک اکاؤنٹس ہیں اور دبئی میں ملازمت کرتا ہے، وہ پاکستان کی نمائندگی کیسے کرسکتا ہے، یہ پاکستان کے لیے سیکیورٹی رسک اور جمہوریت کے لیے دھبہ ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : قومی اسمبلی میں عمران خان اور شیخ رشید کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف نے 300 ارب روپے کا جواب دینا ہے جو اس ملک سے باہر گیا ہے، انہیں بے نقاب کرنے کے بجائے میر شکیل کا میڈیا جنگ جیو گروپ میرے پیچھے پڑے ہیں، جنگ جیو گروپ نقصان میں جارہے ہیں لیکن باہر یہ محل بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ جیو گروپ سب سے بڑے مجرم کو بچارہے ہیں جنہوں نے ہمارے ادارے تباہ کیے، ان کا کام ہے کہ تحقیقاتی صحافت کریں لیکن یہ لوگوں کی نجی زندگی پر بات کرتے ہیں اور بلیک میل کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو طلب کرکے بڑا زبردست کام کیا ہے، چیرمین نیب کے ساتھ ساری قوم کھڑی ہے اور ساری نظریں نیب پر ہیں، چیرمین نیب کو کسی قسم کا دباؤ نہیں لینا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔