اسما قتل کیس میں مزید 4 مشکوک افراد گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 18 جنوری 2018
اسما قتل کیس میں گرفتار مشکوک افراد سے تفتیش جاری ہے،فوٹو:فائل

اسما قتل کیس میں گرفتار مشکوک افراد سے تفتیش جاری ہے،فوٹو:فائل

پشاور: اسما قتل کیس میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 4 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا جب کہ وزیراعلیٰ  پرویز خٹک  نے امید ظاہر کی ہے کہ پولیس ملزمان کا جلد سراغ لگالے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مردان میں زیادتی کے بعد بیدردی سے قتل ہونے والی 4سالہ اسما کے قاتل کو تاحال پولیس گرفتار کرنے میں ناکام ہے تاہم پولیس نے مزید 4 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: مردان میں 4 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے  واقعے میں ملوث تمام ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے احکامات دیے ہیں، وزیراعلیٰ  نے کہا کہ پولیس اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے واقعے کے ملزمان کا جلد سراغ لگائے گی اور ملزمان اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مذکورہ واقعے کی روزانہ کی بنیاد پر تفتیش جاری ہے اور آئی جی پولیس خود صبح و شام پیش رفت کی رپورٹ لیتے ہیں، بچی کے لواحقین کو انصاف دلانے اور ملزم کو کیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندان کی مالی معاونت کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مردان کے نواحی علاقے گوجر گڑھی سے چار سالہ بچی اسما گھر سے باہر کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگئی تھی بعد میں اس کی لاش گھر کے قریب واقع گنے کے کھیتوں سے ملی تھی۔ ضلعی ناظم مردان حمایت اللہ مایار نے  بتایا کہ مقتولہ اسما کی میڈیکل رپورٹ سے اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ اسے قتل کرنے سے قبل زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔