نوازشریف کی تصویر کی ایڈیٹنگ، پی ٹی آئی رہنما ایف آئی اے کے سامنے پیش

ویب ڈیسک  جمعرات 18 جنوری 2018
تصویر اس وقت سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی جب نواز شریف سعودی عرب کے دورے پر تھے فوٹو: فائل

تصویر اس وقت سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی جب نواز شریف سعودی عرب کے دورے پر تھے فوٹو: فائل

 لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصویر کو ایڈٹ کرکے سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزام میں پی ٹی آئی رہنما عمر ڈار ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما عمر ڈار وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہو گئے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تصویر ایڈٹ کر کے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

عمر ڈار نے مبینہ طور پر نواز شریف کی والدہ کے ساتھ تصویر کو ایڈٹ کرکے ماں کی جگہ سعودی ولی عہد کی تصویر لگادی تھی۔ ایف آئی اے نے اس الزام میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا ہے۔ یہ تصویر اس وقت سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی تھی جب نواز شریف سعودی عرب کے دورے پر تھے۔

تحریک انصاف کے رہنما عمر ڈار نے اپنے موقف میں کہا کہ نااہل نواز شریف کی ایک تصویر کے لیے مجھ سے دو گھنٹے تحقیقات کی گئیں، جب کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن اور قصور واقعہ کی تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج اور خواجہ آصف کے خلاف کیس میں مدعی بننے پر مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ایک نااہل شخص کی تصویر پر بھونڈی تحقیقات کی جارہی ہیں، میرے کیس میں خود ایک ادارہ مدعی بن رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔