بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ دوران کنسرٹ آپے سے باہر

ویب ڈیسک  جمعرات 18 جنوری 2018
ارجیت سنگھ کی دوران کنسرٹ مغلظات بکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ فوٹو۔ فائل

ارجیت سنگھ کی دوران کنسرٹ مغلظات بکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ فوٹو۔ فائل

 ممبئی: بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ دوران کنسرٹ انتظامیہ پر کسی وجہ سے بھڑک اٹھے اور انہیں اتنا غصہ آیا کہ انہوں نے گالی تک دے دی۔

بھارتی فلموں میں اپنی آواز کا جادو  جگانے والے گلوکار ارجیت سنگھ نے کم عمری میں ہی گانوں کا مقابلہ جیت کر اپنی سریلی آواز سے فلم نگری میں مقام بنایا، ان کی آواز میں ایسا جادو ہے کہ اُن کے گیتوں کے بغیر فلم کو ادھورا سمجھا جاتا ہے لیکن آج کل ان کے ستارے گردش میں ہیں۔ دلوں کو نرم  اور لہو گرمانے والے ارجیت سنگھ نے دوران کنسرٹ مائیک ہلنے پر انتظامیہ کو ایسی مغلظات بکیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپوٹس کے مطابق ارجیت نے گیت ’نادان پرندے گھر آجا‘ گاتے ہوئے لائیو کنسرٹ کے دوران مائیک سیٹ نہ ہونے اور بار بار ہلنے پر انتظامیہ کو مغلظات بک دیں اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ہے جو مائیک ٹھیک کرے۔ اُن کے اس رویے کی ویڈیو سوشل میڈیا  پر ایسی وائرل ہوئی کہ دیکھنے والوں نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ خبر بھی پڑھیں:بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ کو سلمان خان کی ناراضگی مہنگی پڑ گئی

واضح رہے کہ شہرت کی بلندیاں چھونے کے بعد ارجیت سنگھ غرور کے سمندر میں ایسا ڈوبے ہیں کہ انہیں سلمان خان سے متعلق ریمارکس دینا مہنگا پڑ گیا تھا بعد ازاں اُن کے گیت ”جگ گھومیا“ کو فلم”سلطان“ سے نکال دیا گیا تھا جس کے بعد اُن کی جگہ وہ گیت راحت فتح علی خان نے گایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔