آئی سی سی نے بابر اعظم اور حسن علی کی صلاحیتوں کا اعتراف کرلیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 19 جنوری 2018
کوہلی دونوں ٹیموں کے کپتان منتخب،وارنر،ڈی کک اور اسٹوکس کا انتخاب۔ فوٹو: فائل

کوہلی دونوں ٹیموں کے کپتان منتخب،وارنر،ڈی کک اور اسٹوکس کا انتخاب۔ فوٹو: فائل

 دبئی: بابر اعظم اور حسن علی کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے آئی سی سی نے دونوں کو ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل کر لیا۔

آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کردیا گیا تاہم اس میں 7ملکوں کے کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے جب کہ گزشتہ سال بہترین کارکردگی پیش کرنے والے پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم اور چیمپئنز ٹرافی کے ہیرو پیسر حسن علی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے سپرد کی گئی اسکواڈ میں روہت شرما، جسپریت بمرا، بابر اعظم، حسن علی، اے بی ڈی ویلیئرز، کوئنٹن ڈی کک، ڈیوڈ وارنر،بین اسٹوکس، ٹرینٹ بولٹ اور راشد خان موجود ہیں۔

آئی سی سی کی ٹیسٹ ٹیم میں کوئی بھی پاکستانی جگہ نہیں بنا سکا،اس میں بھارت، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے کھلاڑی شامل ہیں، اس فارمیٹ کے کپتان بھی ویرات کوہلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں چتیشور پجارا، روی چندرن ایشون،ڈین ایلجر، کوئنٹن ڈی کک،کاگیسو ربادا، بین اسٹوکس، جیمز اینڈرسن، ڈیوڈ وارنر، اسٹیون اسمتھ اور مچل اسٹارک شامل ہیں جب کہ ویرات کوہلی، ڈیوڈ وارنر، کوئنٹن ڈی کک اور بین اسٹوکس دونوں فارمیٹس کی ٹیموں میں موجود ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی کپتان نے کیریئر میں پہلی بار آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنائی، ون ڈے فارمیٹ میں انھوں نے چوتھی بار یہ اعزاز حاصل کیا، ان کی زیر قیادت بھارت نے عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی اور ون ڈے میں دوسری پوزیشن پائی،اے بی ڈی ویلیئرز  ساتویں مرتبہ ون ڈے ٹیم  کا حصہ بنے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔