غیرملکی ماڈل کے ساتھ کسٹم حکام کی سیلفیوں پر سوشل میڈیا صارفین برہم

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 جنوری 2018
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کسٹم اہلکاروں پر شدید تنقید کی جارہی ہے؛ فوٹوسوشل میڈیا

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کسٹم اہلکاروں پر شدید تنقید کی جارہی ہے؛ فوٹوسوشل میڈیا

چند روز قبل لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر  متحدہ عرب امارات جانے والی غیر ملکی دوشیزہ 9 کلو گرام ہیروئن اسمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی تھی۔

گرفتار ہونے والی 21 سالہ دوشیزہ کا نام ٹیریزا ہے جب کہ اس کا تعلق یورپی ملک جمہوریہ چیک ری پبلک سے ہے، ٹیریزا کے سامان سے برآمد ہونے والی ہیروئن کی مالیت 15 کروڑ روپے ہے اوروہ گزشتہ 10 روز سے کسٹم حکام کی حراست میں ہے تاہم سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی تصاویر سے لگتا نہیں کہ ٹیریزا زیر حراست ہے بلکہ کسٹم اہلکاروں کی جانب سے اس کے ساتھ کسی وی آئی پی مہمان کی طرح سلوک کیا جارہا ہے۔ ٹیریزا اور کسٹم حکام کی چند روز قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصایر نے کسٹم اہلکاروں کی کارروائی کا پول کھول کررکھدیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:غیرملکی دوشیزہ سے 9 کلو ہیروئن برآمد

تصویر میں ٹیریزا اہلکاروں کے ساتھ بالکل کسی اداکارہ کی طرح پوز دے رہی ہے اس تصویر کو دیکھ کر سوشل میڈیاصارفین کی جانب سے کسٹم اہلکاروں پر شدید تنقید کی جارہی ہے جب کہ کسٹم کے ادارے کی کارکردگی پر بھی کئی سوال اٹھائے جارہے ہیں۔

ایک صارف نے فیس بک پر یورپی دوشیزہ کو ملنے والے وی آئی پی پروٹوکول پر طنز کرتے ہوئے کہا کتنی عزت مل رہی ہے اس ہیروئن کو ایسا لگ رہا ہے کہ یوکرین کی وزیر آئی ہے کسٹم ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کرنے۔

ایک اور صارف نے کہا جمہوریہ چیک کی خوبصورت خاتون جو کہ پیشے کے لحاظ سے ماڈل بھی ہے پاکستانی ایئرپورٹ پر 9 کلو گرام ہیروئن اسمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی اور ہماری قانون نافذ کرنے والی 3 ایجنسیاں آپس میں اس بات پر لڑ رہی ہیں کہ اس کیس کی تفتیش انہیں سونپی جائے۔

ایک اور صارف نے  بالکل یہی بات کی۔

ایک اور صارف نے ٹیریزا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا دراصل یہاں زیر حراست کون ہے؟ ان کے کہنے کا مطلب ہے کہ گرفتار اصل میں یہ غیر ملکی خاتون ہے یا کسٹم اہلکار۔

ایک صارف نے کسٹم اہلکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسٹم آفیسرز اس وقت چیک ماڈل کے ساتھ تصاویر لینے میں مصروف ہیں۔

ایک صارف نے کہا ہیروئن اسمگل کرنے والی چیک خاتون کے پیچھے سب کیسے پاگل ہوگئے ہیں۔

ایک صارف نے احتساب پر طنز کرتے ہوئے کہا 9 کلوگرام ہیروئن اسمگل کرنے والی چیک ماڈل کی کسٹم اہلکاروں کے ساتھ گروپ فوٹو۔

ایک صارف نے تصاویر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا چیک ری پبلک کی 21 سالہ خاتون کے پاس سے 9 کلو گرام کوکین برآمد ہوئی ہے، تین ڈیپارٹمنٹ اس کیس کی تفتیش کرنے کے لیے آپس میں لڑ رہے ہیں اور اسے جیل میں ڈالنے کے بجائے اس کے ساتھ سیلفی لے رہے ہیں۔

ایک اور صارف نے یہی بات لکھتے ہوئے کہا یہ ہے ہماری قوم کی ذہنیت۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔